English Al Qamar Urdu جون 29, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

پاکستان کی نیدرلینڈز کو 7 وکٹوں سے شکست، سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری

پاکستان نے نیدرلینڈز کو دوسرے ون ڈے میں باآسانی 7 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔

روٹرڈیم میں کھیلے گئے کرکٹ ورلڈ کپ سیریز کے دوسرے ون ڈے میچ میں نیدرلینڈز کے کپتان اسکاٹ ایڈورڈز نے ٹاس جیت کر پہلے اپنے بلے بازوں کو آزمانے کا فیصلہ کیا جو درست ثابت نہیں ہوا۔

نیدرلینڈز نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو نسیم شاہ اور حارث رؤف نے ابتدائی اوورز میں ہی دونوں اوپنرز وکرم جیت سنگھ اور میکس او ڈووڈ کو 2 کے مجموعے پر آؤٹ کردیا۔

میزبان ٹیم کے دونوں اوپنرز ایک، ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے، جس کے بعد ویسلے بریسی کو بھی نسیم شاہ نے پویلین بھیجا، جنہوں نے 3 رنز بنائے۔

نیدرلینڈز کے بیس ڈی لیڈز اور ٹم کوپر نے ایک مرتبہ پھر اچھی بیٹنگ کی اور اپنی ٹیم کو مکمل طور پر تباہی سے بچاتے ہوئے 109 رنز کی شراکت قائم کی اور اسکور 117 رنز پہنچا دیا۔

ٹم کوپر 66 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جس میں 7 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے، انہیں محمد نواز نے آؤٹ کیا۔

کپتان اسکاٹ ایڈورڈ پچھلے میچ کی طرح کارکردگی نہیں دکھا پائے اور صرف 5 رنز بنا کر محمد نواز کو وکٹ دے گئے، جس کے بعد وکٹیں گرنے کا سلسلہ شروع ہوا۔

بیس ڈی لیڈز ایک اینڈ پر ڈٹے رہے لیکن دوسرے اینڈ سے ٹیجا نیڈامنارو اور ٹیم پرینگل صفر پر آؤٹ ہوئے تاہم لوگان وی ریک نے 13 رنز بنائے۔

پاکستانی باؤلرز کے خلاف 120 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے بیس ڈی لیڈز نے 2 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 89 رنز بنائے اور حارث رؤف کی وکٹ بنے۔

نیدرلینڈز کی پوری ٹیم 45ویں اوور کی پہلی گیند پر 186 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی۔

حارث رؤف اور محمد نواز نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں۔

پاکستان کو ایک آسان ہدف کے تعاقب میں شروع میں یکے بعد دیگر نقصان اٹھانا پڑا اور دونوں اوپنرز چوتھے اوورز میں 11 کے اسکور پر پویلین لوٹ گئے۔

فخرزمان آؤٹ ہونے والے پہلے بلے باز تھے، جو 10 گیندوں پر 3 رنز اور امام الحق 10 گیندوں پر 6 رنز بنا کر کنگما کا نشانہ بنے۔

کپتان بابراعظم نے محمد رضوان کے ساتھ مل کر دوسری وکٹ پر اسکور 99 رنز تک پہنچایا اور نصف سنچری مکمل کرنے کے بعد 57 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

محمد رضوان اور آغا سلمان نے مزید کوئی وکٹ گرنے نہیں دی اور اپنی نصف سنچریوں کی مدد سے تین وکٹوں پر 191 رنز بنا کر ٹیم کو باآسانی 34 ویں اوور کی چوتھی گیند پر 7 وکٹوں سے فتح دلائی۔

Image

اس ناقابل شکست 92 رنز کی شراکت کے دوران محمد رضوان نے ون ڈے کرکٹ میں اپنے کیریئر کی چھٹی نصف سنچری بنائی اور اپنے ایک ہزار رنز بھی مکمل کرلیے.

Image

آغا سلمان نے 35 گیندوں کا سامنا کیا، 5 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 50 رنز بنائے جبکہ محمد رضوان نے 82 گیندوں کا سامنا کرکے 6 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے ناقابل شکست 69 رنز بنائے۔

پاکستان نے 3 وکٹوں پر 191 رنز بنا کر 7 وکٹوں سے کامیابی کے ساتھ سیریز بھی اپنے نام کرلی۔

Image

محمد نواز کو اچھی باؤلنگ کی بدولت میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

Image

اس سے قبل میچ کے لیے دونوں ٹیموں میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی تھی اور سابقہ میچ کی فائنل الیون کو برقرار رکھا گیا تھا۔

Image

یاد رہے کہ سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے فخر زمان کی سنچری کی بدولت میزبان ٹیم کو 16 رنز سے شکست دی تھی۔

سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے فخر زمان کی سنچری اور کپتان بابر اعظم کی 74 رنز کی اننگز کے ساتھ ساتھ شاداب خان کے برق رفتار 48 رنز کی بدولت 6 وکٹوں کے نقصان پر 316 رنز بنائے تھے۔

جواب میں نیدرلینڈز نے بھی ناتجربہ کار پاکستانی باؤلنگ اٹیک کا فائدہ اٹھاتے ہوئے بھرپور مزاحمت دکھائی اور وکرم جیت سنگھ، ٹام کوپر اور اسکاٹ ایڈورڈز نے نصف سنچریاں بنائیں لیکن میزبان ٹیم ہدف کے تعاقب میں 300 رنز ہی بنا سکی تھی۔

Image

سیریز کا تیسرا اور آخری ون ڈے میچ 21 اگست کو کھیلا جائے گا۔

منبع: ڈان نیوز

The post پاکستان کی نیدرلینڈز کو 7 وکٹوں سے شکست، سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری appeared first on شفقنا اردو نیوز.

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے