English Al Qamar Urdu جون 27, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

انگلش ٹیم ٹی 20 سیریز کھیلنے کیلئے 17 سال بعد پاکستان پہنچ گئی

القمر

انگلینڈ کی ٹیم سات ٹی20 انٹرنیشنل میچوں کی سیریز کھیلنے کے لیے 17سال بعد پاکستان پہنچ گئی۔

وکٹ کیپر بلے باز جوز بٹلر کی قیادت میں انگلینڈ کا اسکواڈ کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچ گیا جہاں پاکستان کرکٹ بورڈ کے اعلیٰ حکام نے مہمان ٹیم کا استقبال کیا۔

مہمان ٹیم کو سخت سیکورٹی میں ائیرپورٹ سے ہوٹل روانہ کیا جائے گا۔

انگلینڈ کی ٹیم 17سال بعد پاکستان آئی ہے جہاں اس سے قبل مہمان ٹیم آخری مرتبہ 2005 میں پاکستان کے دورے پر آئی تھی۔

2005 میں دونوں ٹیموں کے درمیان ٹیسٹ اور ون ڈے سیریز کھیلی گئی تھی۔

پاکستان میں دونوں ٹیمیں پہلی مرتبہ کسی ٹی20 سیریز میں مدمقابل ہوں گی۔

کراچی پہنچنے والی انگلینڈ کی ٹیم کے کپتان جوز بٹلر دوپہر دو بجے مقامی ہوٹل میں پریس کانفرنس کریں گے۔

16 ستمبر سے 19 ستمبر تک دونوں ٹیمیں نیشنل اسٹیڈیم میں پریکٹس سیشن کریں گی جس کے بعد سات ٹی20 میچز کی سیریز کا پہلا میچ 20 ستمبر کو کھیلا جائے گا اور پاکستان کرکٹ بورڈ نے سیریز کے پہلے میچ کی گیٹ منی سیلاب زدگان کو عطیہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

سیریز کے پہلے مرحلے میں دونوں ٹیموں کے درمیان نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں 4 ٹی20 میچ کھیلے جائیں گے، یہ میچز 20، 22، 23 اور 25 ستمبر کو کھیلے جائیں گے۔

بعد ازاں انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم کراچی سے لاہور کے لیے روانہ ہوگی جہاں قذافی اسٹیڈیم لاہور میں 28، 30 اور 2 اکتوبر کو سیریز کے آخری تینوں میچ کھیلے جائیں گے۔

خیال رہے کہ انگلینڈ نے دورہ پاکستان کے لیے رواں ماہ کے شروع میں جوز بٹلر کی قیادت میں 19 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا تھا۔

انگلش بورڈ نے بتایا تھا کہ کپتان جوز بٹلر انجری سے صحت یاب ہو رہے ہیں اور پاکستان کا دورہ کریں گے لیکن امکان ہے کہ وہ 7 میچوں کی سیریز کے آخری مرحلے میں دستیاب ہوں گے۔

اعلامیے میں بتایا گیا تھا کہ جوز بٹلر کی غیر موجودگی میں معین علی ٹیم کی قیادت کریں گے۔

انگلینڈ نے دورہ پاکستان کے لیے اعلان کردہ اسکواڈ میں 5 نئے کھلاڑیوں کو شامل کیا ہے، جن میں بلے باز جارڈن کوکس، فاسٹ باؤلر ٹام ہیلم، بلے باز ول جیکس، اولی اسٹون اور لیوک ووڈ شامل ہیں۔

پاکستان کا دروہ کرنے والے انگلینڈ کے اسکواڈ میں جوز بٹلر (کپتان)، معین علی (نائب کپتان)، ہیری بروک، جورڈن کوکس، سیم کیوران، بین ڈیکیٹ، لیام ڈاؤسن، رچرڈ گلیسون، ٹام ہیلم، ویل جیکس، ڈیوڈ ملان، عادل رشید، فل سالٹ، اولی اسٹون، ریس ٹاپلی، ڈیوڈ ویلی، کرس ووکس، لیوک ووڈ، مارک ووڈ شامل ہیں۔

پاک-انگلینڈ ٹی20 سیریز شیڈول

پہلا ٹی20: نیشنل اسٹیڈیم کراچی، 20 ستمبر

دوسرا ٹی20: نیشنل اسٹیڈیم کراچی، 22 ستمبر

تیسرا ٹی20: نیشنل اسٹیڈیم کراچی، 23 ستمبر

چوتھا ٹی20: نیشنل اسٹیڈیم کراچی، 25 ستمبر

پانچواں ٹی20: قذافی اسٹیڈیم لاہور، 28 ستمبر

چھٹا ٹی20: قذافی اسٹیڈیم لاہور، 30 ستمبر

ساتواں ٹی20: قذافی اسٹیڈیم لاہور، 2 اکتوبر

منبع: ڈان نیوز

The post انگلش ٹیم ٹی 20 سیریز کھیلنے کیلئے 17 سال بعد پاکستان پہنچ گئی appeared first on شفقنا اردو نیوز.

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے