اسلام آباد : وزارت نیشنل فوڈ سیکیورٹی اور تحقیق نے کہا ہے کہ پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ ہونے والے کسانوں کی بحالی کے لیے عالمی بینک 2 کروڑ 22 لاکھ ڈالر کی مالی مدد فراہم کرے گا۔
وفاقی وزارت سے جاری بیان کے مطابق ورلڈ بینک کی طرف سے یہ اعلان اسلام آباد میں ورلڈ بینک کے جنوبی ایشیا کے علاقائی ڈائریکٹر برائے پائیدار ترقی جان اے روم اور وفاقی وزیر برائے نیشنل فوڈ سیکیورٹی اینڈ ریسرچ طارق بشیر چیمہ کے درمیان ملاقات کے دوران کیا گیا۔
بیان میں کہا گیا کہ سیلاب متاثرہ علاقوں میں کسان برادری اور فوڈ سیکیورٹی کے حوالے سے امداد اور بحالی کی کوششوں پر بات کرتے ہوئے ورلڈ بینک کے ڈائریکٹر برائے پائیدار ترقی نے کہا کہ ورلڈ بینک اپنے پروگرام ٹڈی دل کی ایمرجنسی اور فوڈ سیکیورٹی کے ذریعے سیلاب متاثرہ اضلاع میں کسانوں کی بحالی کے لیے معاونت فراہم کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ شدید سیلاب کی تباہی سے نمٹنے کے لیے وہ ورلڈبینک کے گروپ بورڈ کو بھی پاکستان کے لیے امداد بڑھانے کی درخواست کریں گے۔ورلڈ بینک کے ڈائریکٹر برائے پائیدار ترقی نے مزید کہا کہ کسان برادری کی مدد کے لیے ورلڈ بینک صوبائی محکمہ زراعت کے ساتھ کام کر رہا ہے۔
