نابلس:مغربی کنارے میں صہیونی فورسز نے چھاپوں میں 6 مزید فلسطینی شہید کر دیے۔
فلسطینی وزارت صحت کے مطابق منگل کی صبح مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی فورسز کے چھاپوں میں 6مزید فلسطینی شہید کر دیے گئے، جب کہ 19زخمی ہو گئے۔ وزارت نے بیان میں کہا کہ مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر نابلس میں اسرائیلی فائرنگ سے 4فلسطینی موقع پر شہید اور 19زخمی ہو گئے ہیں، جن میں سے کئی کی حالت تشویش ناک ہے۔
وزارت نے بعد میں ایک اور اطلاع میں بتایا کہ اسرائیل کی فائرنگ سے مزید 2 فلسطینی شہید ہوگئے۔ فورسز نے وسطی مغربی کنارے میں فلسطینی اتھارٹی کے ہیڈ کوارٹر کے گھر رام اللہ میں شہری کو شہید کیا۔ادھر اسرائیلی فوج نے پولیس اور انٹیلیجنس ایجنسیوں کے ساتھ ایک مشترکہ بیان میں اس بات کی تصدیق کی ہے کہ انہوں نے نابلس میں ایک بڑے پیمانے پر رات کو کارروائی کی۔
فورسز نے الزام لگایا کہ جس اپارٹمنٹ پر چھاپا مارا گیا وہاں دھماکا خیز مواد تیار کیا جا رہا تھا،اسرائیلی فورسز نے دعویٰ کیا کہ عمارت میں فلسطینی نوجوانوں کی شیروں کی کچھار (عرین الاسود)نامی تنظیم کا دفتر قائم تھا اور کارروائی میں مسلح افراد کو نشانہ بنایا گیا۔
