کراچی: کے علاقے اورنگی ٹائون کے ایک گھر میں گیس لیکیج کے باعث آگ لگنے سے میاں بیوی 5بچوں سمیت جھلس کر زخمی ہوگئے۔اورنگی ٹائون سیکٹر ساڑھے گیارہ میں گھر میں گیس لیکج کے باعث آگ لگنے سے میاں بیوی اور 5بچے جھلس کر زخمی ہوگئے۔
زخمیوں کی شناخت 50سالہ ریاض، 50سالہ حسن آرا، 26سالہ علی رضا، 16سالہ انس، 14سالہ اویس اور 22سالہ علیزے کے نام سے ہوئی ہے۔تمام زخمیوں کو سول اسپتال کے برنس وارڈ منتقل کردیا گیا ہے، جہاں پر ڈاکٹروں کے مطابق ریاض 80فیصد، علی رضا 50فیصد اور انس 40فیصد جھلس کر زخمی ہوئے ہیں۔
فائر بریگیڈ حکام کے مطابق ایک فائر ٹینڈر کی مدد سے آگ پر قابو پایا گیا، جبکہ جائے حادثہ پر گیس کی بو پھیلی ہوئی ہے۔
دوسری جانب علاقہ مکینوں نے بتایا کہ گزشتہ 3 سال سے گیس لیکیج کا مسئلہ ہے، علاقہ مکینوں نے متعدد بار تحریری درخواست سوئی گیس حکام کو دی ہے لیکن تاحال مسئلہ حل نہیں کیا گیا جس کے باعث یہ حادثہ پیش آیا۔
