نئی دہلی:چوکرز کا لفظ عام طور پر کرکٹ میں جنوبی افریقا کی ٹیم کے لیے استعمال کیا جاتا ہے تاہم ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں انگلینڈ کے ہاتھوں شکست کے بعد یہ لقب بھارتی ٹیم کو بھی مل گیا ہے۔
بھارت کے سابق کپتان کپل دیو نے اعتراف کیا کہ انگلینڈ کے خلاف شکست کے بعد بھارتی ٹیم کو چوکرز کہا جا سکتا ہے کیونکہ وہ بہت قریب آئے اور چوک گئے۔
کپل دیو نے بھارتی ٹیم کی جانب سے بری کرکٹ کھیلنے کا اعتراف کرتے ہوئے کرکٹ فینز سے درخواست کی کہ اس وقت ان پر بہت زیادہ تنقید کرنا ٹھیک نہیں ہے کیونکہ یہی لڑکے ہیں جو کئی سالوں سے ملک کے لیے اچھا پرفارم کر رہے ہیں۔
انگلش ٹیم کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر سابق بھارتی کپتان کا کہنا تھا کہ انگلینڈ نے سیمی فائنل کے دن کنڈیشن کو اچھے طریقے سے استعمال کیا اور بھارتی ٹیم کو چاروں شانے چت کر کے رکھ دیا۔
