واشنگٹن:امریکی ریاست جارجیا کے موجودہ ڈیموکریٹ سینیٹر رافیل وارنوک نے اپنی سیٹ برقرار رکھنے کے لیے ووٹ حاصل کر لیے ہیں۔ اس جیت سے سینیٹ میں ڈیموکریٹس کی پوزیشن مزید مضبوط ہو سکے گی۔
امریکی خبر رساں ادارے کے اعداد و شمار پر مبنی انتخابی تخمینوں کے مطابق ڈیموکریٹس نے جنوبی ریاست جارجیا کی سینیٹ نشست پر جیت کے لیے کافی ووٹ حاصل کر لیے۔
اس جیت کے ساتھ ہی امریکی کانگریس کے ایوان بالا میں حکمراں ڈیموکریٹس نے 49 کے مقابلے میں 51 سیٹوں سے اکثریت حاصل کر لی ہے۔ اگر وہ جارجیا کی سیٹ ہار جاتے، تو سینیٹ 50-50 سے تقسیم ہو جاتی ہے۔
تاہم برابری کی صورت میں نائب صدر کمالہ ہیرس کا ووٹ فیصلہ کن ثابت ہوتا۔ ڈیموکریٹس اور ریپبلکن دونوں کے لیے یہ سیٹ بہت اہم تھی اور سیاسی جماعتوں کا سب کچھ دا پر لگا تھا۔
ریاست جارجیا سے اگلے صدارتی انتخابات میں بھی اہم کردار ادا کرنے کی توقع ہے، جیسا کہ سن 2020 کے انتخابات میں ہوا تھا۔جارجیا سے موجودہ ڈیموکریٹک سینیٹر رافیل وارنوک نے اپنے ریپبلکن حریف سابق امریکی اسٹار فٹ بال کھلاڑی ہرشل واکر کو شکست دی۔
اس سے قبل آٹھ نومبر کے وسط مدتی انتخابات کے دوران پڑنے والے ووٹ کے دوران دونوں سیاہ فام نسل کے امیدوار اکثریت حاصل کرنے میں ناکام رہے تھے۔
حالانکہ تب بھی وارنوک نے تقریبا 4 ملین پڑنے والے ووٹوں میں سے اپنے مد مخالف سے تقریبا 37,000 ووٹ زیادہ حاصل کیے تھے۔
تاہم پچاس فیصد کا تخمینہ حاصل نہیں کر پائے تھے۔وارنوک نے اپنی جیت کے بعد ایک خطاب میں کہا کہ ”میرے لیے یہ اعزاز کی بات ہے کہ میں جمہوریت میں بولے جانے والے سب سے طاقتور چار الفاظ کہوں: لوگوں نے فیصلہ سنا دیا۔”
وارنوک جنوری 2021 میں پہلی بار جارجیا کے پہلے سیاہ فام سینیٹر بنے تھے۔ 53 سالہ وارنوک نے تھیولوجی میں ڈاکٹریٹ کی ڈگری یافتہ ہیں۔
وہ اٹلانٹا کے اسی چرچ میں سینیئر منسٹر کے طور پر اپنے عہدے پر فائز رہیں گے، جہاں شہری حقوق کی تحریک کے معروف رہنما مارٹن لوتھر کنگ جونیئر تبلیغ کیا کرتے تھے۔
انہوں نے کہا، ”میں اکثر کہتا ہوں کہ ووٹ دنیا کے لیے ایک قسم کی دعا ہے جس کی ہم اپنے اور اپنے بچوں کے لیے تمنا کرتے ہیں۔ ووٹ ڈالنا ایمان کو عملی جامہ پہنانے کے مترادف ہے۔
”60 سالہ واکر کو سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حمایت حاصل تھی۔ وہ ایک سابق اسٹار فٹ بالر ہیں اور انہیں امریکی فٹ بال کی تاریخ میں بہترین کھلاڑیوں میں سے ایک سمجھا جاتا ہے۔
