اسلام آباد:چیئرمین سینیٹ میر محمد صادق سنجرانی نے لکی مروت میں ہونے والے دہشت گرد حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گرد ترقی کے عمل کو روکنا چاہتے ہیں اور تخریبی کارروائیوں کے زریعے عوام میں خوف و ہراس پھیلا کر مذموم عزائم کو حاصل کرنا چاہتے ہیں تاہم شر پسند عناصر ان کارروائیوں کے زریعے ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔
اتوار کے روز اپنے جاری بیان میں چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اس ملک کے نوجوانوں کا کردار مثالی ہے اور ملک اپنے جوانوں کی قربانی کو کبھی فراموش نہیں کرے گا اور اس جنگ کے خاتمے تک اس جذبے میں ہرگز کمی نہیں آئیگی۔
جبکہ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مرزا محمد آفریدی، قائد ایوان سینیٹ سینیٹر محمداسحاق ڈار، قائد حزب اختلاف سینیٹر ڈاکٹر شہزاد وسیم نے بھی دہشت گرد حملے میں ہونے والے جانی نقصان پرگہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

