لاہور: ترجمان وزیر اعلیٰ و پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ مقتدر حلقوں سے سوال پوچھنا چاہتی ہوں کہ تحقیقات کروائیں ہمارے ممبران کو فون کالز کون کر رہا ہے، پیسوں کے ساتھ ممبران کو محفوظ مقامات پر پہنچنے کی پیشکش کی جارہی ہے۔
مسرت جمشید چیمہ نے تحریک انصاف خواتین ممبران پنجاب اسمبلی کے ہمراہ زمان پارک کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ چیئرمین عمران خان سے تحریک انصاف کی خواتین ممبران پنجاب اسمبلی نے ملاقات کی ہے، جس میں عمران خان کی خیریت دریافت کی گئی۔
مسرت جمشید نے کہا کہ حافظ آباد سے ممبر پنجاب اسمبلی مامون جعفر اور خواتین ممبران کو کالز موصول ہوئی ہیں، مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی،دونوں اطراف سے کالز آ رہی ہیں، زرداری اور شرجیل میمن کے لوگ بھی کالز کر رہے ہیں۔
انہوں نے سابق صدر آصف زرداری کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ زرداری سیاست کو جوئے سے زیادہ اہمیت نہیں دیتے، زرداری نے وفاق کی جماعت پیپلزپارٹی کو سندھ تک محدود کر دیا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ تحریک انصاف کے ممبران بکاو مال نہیں ہیں۔ انہوں نے پہلے بھی کروڑوں کی آفر پر لعنت بھیجی۔ یہ لوگ ہمیں خرید نہیں سکتے تودھمکانا اور جعلی ویڈیوز جاری کرنا شروع کر دیتے ہیں۔
