اسلام آباد: تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پنجاب میں ہمارے 3 ارکان کو اعتماد کے ووٹ میں نیوٹرل رہنے کا کہا گیا ہے، کراچی میں ایم کیو ایم کو متحد اور بی اے پی کو پیپلز پارٹی میں شامل کرایا جا رہا ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ اسمبلیوں میں جانے کا کوئی فائدہ نہیں، استحکام صرف شفاف الیکشن سے ہی ممکن ہے، اسٹیبلشمنٹ معیشت سمیت تمام بحرانوں سے نکلنے کیلئے اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔
چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ حسین حقانی کو جنرل باجوہ نے لابنگ کے لئے امریکا میں ہائر کیا، ڈونلڈ لو کو پاکستان سے سبق پڑھایا گیا، حسین حقانی میرے خلاف مہم اور جنرل باجوہ کی تشہیر کرتے رہے، امریکا میں ٹرمپ حکومت نے تاریخی استقبال کیا۔
عمران خان نے کہا کہ جنرل باجوہ نے آخری ملاقات میں کہا آپ پلے بوائے ہیں عمران خان، میں نے جواب دیا ہاں میں پلے بوائے رہا ہوں، ہمارے 3 اراکین پنجاب اسمبلی کو اعتماد کے ووٹ کیلئے اسٹیبلشمنٹ نے نیوٹرل رہنے کا کہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ میں تاحال جنرل ریٹائرڈ باجوہ کا سیٹ اپ کام کر رہا ہے، پاکستان میں اسٹیبلشمنٹ کا نام ایک آدمی ہے، باجوہ احتساب نہیں کرنا چاہتے تھے اس لئے تعلقات خراب ہوئے۔
