کراچی: سندھ حکومت نے منشیات اور اس سے منسلک کی تمام چیزوں کے خلاف آپریشن تیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت اپیکس کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں صوبائی وزرا، ناصر شاہ، شرجیل میمن، مرتضیٰ وہاب، کورکمانڈر لیفٹیننٹ جنرل بابر افتخار، چیف سیکریٹری سہیل راجپوت، ڈی جی رینجرز میجر جنرل اظہر وقاص اور آئی جی پولیس غلام نبی میمن شریک ہوئے۔ اس کے علاوہ سیکریٹری داخلہ سعید منگنیجو، پرنسپل سیکریٹری جتوئی، ایڈیشنل آئی جی کراچی، ایڈیشنل آئی جی اسپیشل برانچ، پروسیکیوٹر جنرل سندھ، انٹیلی جنس اداروں کے صوبائی سربراہاں اور دیگر متعلقہ افسران بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔
اجلاس میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعلی سندھ نے ڈرگ کی اسمگلنگ اور پھلانے والوں کے خلاف آپریشن کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے انٹی نارکوٹکس فورس کو اسمنگلنگ کے خلاف آپریشن میں ساتھ رکھنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ نشہ کرنے والے اسٹریٹ کرائم میں بھی ملوث ہیں۔
وزیراعلی سندھ کا کہنا تھا کہ ان کی بحالی سے اسٹریٹ کرائم نا صرف کم ہوگا بلکہ ان کو کارآمد شہری بنانے میں مدد ملے گی۔ علاوہ ازیں سیکیورٹی کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم کسی صورت دہشت گردی برداشت نہیں کریں گے، ہمیں ایک مرتبہ پھر اپنی سکیورٹی انتظامات، انٹیلی جنس سسٹم اور ٹارگیٹڈ آپریشن مزید بہتر کرنا ہے۔

