لاہور: الخدمت فاؤنڈیشن کے صدر ڈاکٹر حفیظ الرحمٰن نے کہاہے کہ سیلاب متاثرین میں ونٹر پیکیج کی تقسیم ترجیح ہے۔
تفصیلات کے مطابق الخدمت فاؤنڈیشن سیلاب متاثرہ علاقوں سمیت ملک بھر میں 1 لاکھ مستحق خاندانوں میں ونٹر پیکجز تقسیم کر رہی ہے۔الخدمت اب تک 50 ہزار ونٹر پیکجز تقسیم کر چکی ہے جبکہ بقیہ 50 ہزار اگلے چند روز میں مستحقین تک پہنچا د ئیے جائیں گے۔
الخدمت فاؤنڈیشن کے صدر ڈاکٹر حفیظ الرحمن نے سیلاب متاثرہ علاقوں میں جاری امدادی سرگرمیوں کے حوالے سے منعقدہ اجلاس میں بتایا کہ ونٹر پیکج کی تقسیم الخدمت کے سماجی خدمات پروگرام کا حصہ ہے جس میں ہر سال مستحق افراد میں لحاف، بستر، تکیے اور گرم کپڑے پہنچائے جاتے ہیں۔ اِس سال سیلاب کے باعث متاثرہ علاقوں میں لوگوں کی مشکلات میں اضافہ ہوا ہے اور سردی کے باعث بچے، خواتین اور بزرگ تکلیف میں ہیں۔
ان کا کہناتھاکہ الخدمت فاؤنڈیشن ترجیحاَ سیلاب متاثرہ علاقوں میں ونٹر پیکج کی تقسیم کا کام کر رہی ہے۔ جہاں الخدمت کے مقامی ذمہ داران اور رضاکار نے گھر گھر جاکر مستحقین میں ونٹر پیکجز فراہم کر رہے ہیں۔ ونٹر پیکج کی فراہمی کے حوالے سے سیلاب متاثرہ علاقوں سمیت ملک بھر میں خصوصی پروگرامات منعقد کیے جا رہے ہیں، جہاں منظم مربوط پروگرام کے تحت چھان بین کے بعد دیانت داری سے مستحقین کی فہرستیں تیار کی جاتی ہیں۔

