مظفرآباد :بانی ممبر پاکستان تحریک انصاف وانفارمیشن سیکرٹری لائرز فورم آزاد جموں وکشمیر محترمہ شازیہ کیانی نے ڈنمارک اور ہالینڈ میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے حالیہ واقعات کی شدید مذمت کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان گھناؤنی کارروائیوں سے پوری دنیا کے مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے ہیں۔ ایسے واقعات اشتعال انگیز ہیں اور دنیا میں بڑھتے ہوئے اسلامو فوبیا کی نشاندہی کرتے ہیں۔
شازیہ کیانی نے کہا کہ آزادی اظہار نفرت انگیز تقریر اور لوگوں کو تشدد پر اکسانے کا نام نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ بے حرمتی کی کارروائیاں بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ اصولوں اور آزادی اظہار کے جائز اظہار کے اصولوں کے منافی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اسلام انسانیت کو امن اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے۔ شازیہ کیانی نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اسلاموفوبیا کے خلاف عملی اقدامات اٹھائے اور انتہا پسند عناصر کی حوصلہ شکنی کرے۔ انہوں نے رواداری، بین المذاہب ہم آہنگی اور مکالمے کو فروغ دینے کے لیے عملی اقدامات کی ضرورت پر بھی زور دیا۔انھوں نے کہا یہ آزادی اظہارکی آڑ میں اشتعال انگیزاسلاموفوبک جرم ہے۔
انھوں نے کہا کہ ایسی کارروائیوں سیدنیا بھر کے مسلمانوں کیجذبات کو ٹھیس پہنچتی ہے اور اس طرح کے واقعات سیعالمی برادری کے درمیان انتشار پیدا ہوسکتا ہے۔ ہالینڈ میں قرآنِ مجید کی بے حرمتی سے امتِ مسلمہ کے جذبات کو مجروح کیا گیا۔
شازیہ کیانی نے کہا کہ ہمارا ہمیشہ یہ موقف رہا ہے کہ اظہار رائے کی آزادی ذمہ داریوں کے ساتھ آتی ہے، ہم یہ بھی مانتے ہیں کہ یہ حکومتوں اور عالمی برادری کی ذمہ داری ہے کہ وہ ایسی گھناؤنی کارروائیوں کو روکیں، جو مذہبی منافرت اور تشدد کو ہوا دینے اور بھڑکانے کے مذموم مقاصد کے ساتھ کیے جاتے ہیں۔

