کراچی:جماعت اسلامی سندھ کے جنرل سیکریٹری کاشف سعید شیخ نے شرپسندوں کی جانب سے جے آئی یوتھ سندھ کے صدر ڈاکٹر امتیاز پالاری کے جھمپیر ضلع ٹھٹہ میں واقع مرغی فارم کو آگ لگانے اور بڑے پیمانے پر مالی نقصان پہنچانے والے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ واقعہ کی غیرجانبدار تحقیقات اور شرپسندوں کیخلاف ایف آئی آر درج کرکے انصاف فراہم کیا جائے۔
انہوں نے آج ایک بیان میں مزید کہا کہ جے آئی یوتھ سندھ کے صدر ڈاکٹر امتیاز احمد پالاری جماعت اسلامی کے ایک فعال رہنماء ہیں جنہوں نے بلدیاتی انتخابات میں بھی بھرپور حصہ لینے کے ساتھ مقامی بااثر وڈیروں کے نظام اور مظلوم عوام کی دادرستی وانصاف دلانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
اس سے قبل ان پر قاتلانہ حملہ بھی ہوچکا ہے جس میں ان کا ڈرائیور شہید اور وہ خود معجزانہ طور پر محفوظ رہے تھے۔ صوبائی رہنماء نے زور دیا کہ پولیس اسٹیشن جھمپیر میں پہلی فرصت میں شرپسندوں کیخلاف ایف آئی آر درج اور جے آئی یوتھ سندھ کے صدر اور ان کے املاک کی حفاظت کی جائے۔

