کراچی: سماجی تنظیم دعا فاؤنڈیشن کی جانب سے کراچی کے ساحلی علاقے ہاکس بے اور ریڑھی گوٹھ میں سیکڑوں گھرانوں میں راشن تقسیم کیا گیا۔
اس موقع پر بات کرتے ہوئے دعا فاونڈیشن کے چئیرمین عامر خان اور سکریٹری ڈاکٹر فیاض عالم نے کہا ہے کہ ساحلی بستیوں کے گوٹھوں میں رہنے والے ہماری توجہ کے مستحق ہیں، ہاکس بے کے ساحل پر اونٹ اور گھوڑے کی سواری سے روزگار کمانے والا طبقہ کی رمضان میں سیاحوں کی کم آمد کے باعث آمدنی کم ہوجاتی ہے۔
انہوں نے کہاکہ اس کے علاوہ مچھلی کے شکار سے روزگار کمانے والے بھی اس مہینے میں مالی طور پر دباو میں آجاتے ہیں۔ مہنگائی کی اس لہر میں جہاں متوسط طبقہ شدید متاثر ہوا ہے وہیں کم استطاعت رکھنے والے کرانے کے لئے دو وقت کی روٹی کا انتظام مشکل ہو گیا ہے۔
ڈاکٹر فیاض عالم نے کہا کہ پاکستان میں سماجی شعبہ بھی اپنی بساط کے مطابق انسانیت کی خدمت میں مصروف ہے، ملک میں اہل خیر کی کمی نہیں جس کے باعث مستحق گھرانوں کی امداد سارا سال جاری رہتی ہے، دعا فاؤنڈیشن کے رضاکاروں نے علاقے کے غریب ترین افراد کا ڈیٹا پہلے جمع کیا اور اس تقریب میں بیواؤں، بے روزگار اور کم آمدنی والے خاندانوں کو ان کی عزت نفس برقرار رکھتے ہوئے راشن تقسیم کیا گیا ہے ۔

