لاہور:امیر جماعت اسلامی سر اج الحق نے کہا ہے کہ کراچی بلدیاتی ضمنی انتخابات کے دوران پیپلز پارٹی نے بدترین دھاندلی کرکے ثابت کیا کہ سندھ کی حکمران جماعت دھاندلی پارٹی ہے جس کا جمہوریت اور جمہوری اقدار سے کوئی لینا دینا نہیں۔
منصورہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سراج الحق نے کہاکہ گزشتہ روز ووٹنگ کے دوران پیپلز پارٹی کی جانب سے تمام اخلاقی و قانونی حدود کی پامالی کی گئی، پولنگ سٹیشنوں پر کراچی سے باہر کے غنڈوں کو لایا گیا اور بیلٹ باکسسز کو جادو کے ڈبوں میں تبدیل کردیا گیا، پولنگ عمل مکمل ہونے کے بعد نتائج میں ردو بدل کی گئی، فارم میں نتائج کچھ اور بعد میں اعلانات ان کے برعکس کئے گئے۔
انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی کے کارکنوں پر تشددکیا گیا اور انہیں بدترین دہشت گردی کا نشانہ بنایا گیا، پیپلز پارٹی نے پولنگ عمل کے دوران اور بعد میں دہشت گردانہ حربے استعمال کیے۔
سراج الحق نے کہا کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ دھاندلی، لابنگ اور خریدوفروخت کے ذریعے اقتدار میں آنے کی کوشش کرتی ہے، لوگوں کی رائے کو قبول کرنا اس کی سرشت میں نہیں، ماضی میں انہیں رویوں کی وجہ سے جمہوریت ڈی ٹریک ہوئی اور ملک کوناقابل تلافی نقصان پہنچا۔
انہوں نے کہا کہ کراچی نے ہمیشہ پیپلز پارٹی کو مسترد کیا۔ الیکشن کے دوران سرکاری وسائل، انتظامیہ کا بے جا استعمال،خریدوفروخت اور دیگر ناجائز ہتھکنڈے استعمال کر کے پیپلز پارٹی نے ثابت کیا کہ یہ جماعت پورے ملک میں تو کجا ایک شہر میں بھی جمہورکی آواز سننے کو تیار نہیں۔ پیپلز پارٹی کی جانب سے شہر کے مینڈیٹ کو تبدیل کرنے کی کوشش باعث شرم ہے، جماعت اسلامی اسے مسترد کرتی ہے اور پورے فعل کی پر زور مذمت کرتی ہے۔ جماعت اسلامی ایسے غیر جمہوری ہتھکنڈوں کا بھرپور مقابلہ کرے گی۔
