اسلام آباد: عالمی مالیاتی فنڈز (آئی ایم ایف) کے وفد نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین سے زمان پارک میں ملاقات کی ہے، تحریک انصاف نے تین ارب ڈالرز کے معاہدے کی حمایت اور خیر مقدم کیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق آئی ایم ایف وفد اور چئیر مین تحریک انصاف کے درمیان زمان پارک میں ملاقات ایک گھنٹے سے زائد جاری رہی، جس میں پارٹی کے وائس چیئرمین تحریک انصاف شاہ محمود قریشی بھی شریک تھےجبکہ سابق وزیرخزانہ شوکت ترین نے ویڈیو لنک پر آئی ایم ایف وفد کو بریفنگ دی۔
ملاقات میں آئی ایم ایف معاہدے پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ جس کے بعد عالمی مالیاتی فنڈز کا وفد روانہ ہوگیا، تحریک انصاف کے رہنما اور ترجمان حماد اظہر نے ملاقات کے حوالے سے اپنے ٹویٹ میں بتایا کہ زمان پارک میں ہونے والی ملاقات کے دوران آئی ایم ایف کے سربراہ برائے پاکستان نیتھن پورٹر واشنگٹن سے بذریعہ ویڈیو لنک موجود تھے جبکہ نمائندہ برائے پاکستان ایستر پیریز زمان پارک میں موجود تھے۔
انہوں نے بتایا کہ آئی ایم ایف حکام سے ایک گھنٹے طویل ملاقات ہوئی، جس میں پی ٹی آئی چیئرمین کے علاوہ شاہ محمود قریشی، شوکت ترین، عمر ایوب، ڈاکٹر ثانیہ نشتر، شبلی فراز، حماد اظہر اور مزمل اسلم شامل تھے۔
حماد اظہار کا کہنا ہے کہ ملاقات میں آئی ایم ایف اور پاکستان کے درمیان ہونے والے نو ماہ کے معاہدے پر بات چیت ہوئی جس میں پاکستان کو نو ماہ کیلیے تین ارب ڈالرز بطور قرض دیے جائیں گے۔
