کراچی: آرٹس کونسل آ ف پاکستان کراچی کے صدر محمد احمد شاہ نے کہا ہے کہ آرٹس کونسل کے ممبران کا بھی ہیلتھ کارڈ بنایا جائے گا، ہم اس سلسلے میں حکومت سے بھی رابطے میں ہیں.
تفصیلات کے مطابق آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی اور پاکستان آئی بینک سوسائٹی کے مشترکہ تعاون سے فری میڈیکل کیمپ حسینہ معین ہال میںلگایا گیا، میڈیکل کیمپ کا افتتاح صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے میڈیکل کمیٹی کے چیئرمین ڈاکٹر قیصر سجاد کے ہمراہ کیا .
صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہاکہ آرٹس کونسل پاکستان بھر کا ثقافتی ادارہ ہے مگر پاکستان میں کوئی ثقافتی ادارہ ایسا نہیں جس کی میڈیکل کمیٹی بھی ہو، جب ہم نے میڈیکل کمیٹی شروع کی تو لوگوں نے کہا کہ آرٹس کونسل کامیڈیکل سے کیاتعلق ہے، آرٹ اور کلچر بہت بعد کی چیز ہے لیکن انسانی حقوق ہماری پہلی ذمہ داری ہے، تعلیم اور صحت بنیادی ضرورت ہے.
ان کا کہنا تھاکہ صحت کی سہولیات حکومت پورا نہیں کر پاتی، ایسے میں فلاحی ادارے آگے آتے ہیں، اس مقصد کو مزید آگے بڑھانے کی ضرورت ہے، ہمارے بہت سے فنکاروں کے ہیلتھ کارڈ بن چکے ہیں، آرٹس کونسل کے ممبران کا بھی ہیلتھ کارڈ بنایا جائے گا، ہم اس سلسلے میں حکومت سے بھی رابطے میں ہیں۔
اس موقع پر آرٹس کونسل میڈیکل کمیٹی کے چیئرمین ڈاکٹر قیصر سجاد نے کہاکہ احمد شاہ نے آرٹس کونسل میں 15سال پہلے میڈیکل کمیٹی قائم کی، آرٹس کونسل میں ایک کلینک ہے جہاں ممبران اپنا علاج کرواتے ہیں، یہاں پر لیکچرز بھی ہوتے ہیں، احمد شاہ نہ صرف فنکاروں بلکہ ڈاکٹرز کو بھی سپورٹ کرتے ہیں ۔
