لاہور: جمعیت علمائے پاکستان( سواد اعظم) کے مرکزی صدر پیر سید محمد محفوظ مشہدی اور سیکرٹری جنرل پیر محمد اقبال شاہ نے مطالبہ کیا ہے کہ مسلم ممالک قرآن مجید کی مسلسل بے حرمتی پر غیرت ایمانی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گستاخ ممالک سے سفارتی تعلقات ختم کریں۔
پیرسید محفوظ مشہدی اورپیرمحمداقبال شاہ کاکہنا تھاکہ یہودیوں اور مسیحیوں کی کتابیں غیر محفوظ اور ناقابل اعتبار ہو چکی ہیں چونکہ ان میں من پسندتبدیلیاں کی گئیں۔اب ان کے متعدد نسخے موجود ہیں۔ جبکہ مسلمانوں کی کتاب قرآن مجید تحریفات سے پاک ہے۔ قرآن مجید کی حفاظت کا ذمہ خود اللہ تعالیٰ نے لیا ہے۔ البتہ قرآن مجید تمام الہامی کتابوں اور مختلف انبیاء علیہم السلام پر اترنے والے صحیفوں کی تصدیق کرتا ہے مگر ان انبیاء کی امتوں نے اپنی کتابوں کی حفاظت نہیں کی جبکہ مسلمانوں کے پاس قرآن مجید اصلی حالت میں محفوظ ہے۔
مرکز اہل سنت دارالعلوم محمدیہ نوریہ رضویہ میں علما ء اور طلباء سے گفتگو کرتے ہوئے پیر محفوظ مشہدی نے کہا او آئی سی کوایسا مستقل بورڈ تشکیل دینا چاہیے جو قرآن مجید اور سرور کائنات حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی توہین کے واقعات کی روک تھام کے لیے اقدامات کرے۔
ان کا کہنا تھا عراق اور ایران کی حکومتوں کا قرآن مجید کی بے حرمتی پرردعمل قابل تحسین ہے۔ پاکستانی حکومت بھی غیرت ایمانی کا ثبوت دیتے ہوئے ان سے بہتر عملی اقدامات کرے۔

