اسلام آباد:چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسی کی جانب سے سپریم کورٹ میں نئی تقرریاں کر دی گئی ہیں اور سیشن جج اوکاڑہ جزیلہ اسلم کو پہلی خاتون رجسٹرار سپریم کورٹ تعینات کر دیا گیا ہے۔
ترجمان سپریم کورٹ نے چیف جسٹس پاکستان کی جانب سے نئی تقرریوں کا اعلامیہ بھی جاری کر دیا ہے جس کے مطابق جزیلہ اسلم کو رجسٹرار سپریم کورٹ تعینات کر دیا گیا ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ لاہور ہائیکورٹ نے سیشن جج اوکاڑہ جزیلہ اسلم کی خدمات سپریم کورٹ کے سپرد کر دی ہیں، جزیلہ اسلم کو 3سال کیلئے ڈیپوٹیشن پر رجسٹرار سپریم کورٹ تعینات کیا گیا ہے۔
سپریم کورٹ کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ڈاکٹر مشتاق احمد کو چیف جسٹس قاضی فائز عیسی کا سیکرٹری مقرر کیا گیا ہے جبکہ بلوچستان سے عبدالصادق چیف جسٹس کے چیف آف اسٹاف تعینات ہو گئے ہیں۔