لاہور: امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ ملک و قوم کی ترقی اورخوشحالی کیلئے عوام کو ترازو کا انتخاب کرنا ہوگا، عام انتخابات میں کسی کرپٹ سیاستدان اور جماعت سے اتحاد نہیں کریں گے۔
ضیاالدین انصاری نے کہاکہ عوام کے پاس ووٹ کی طاقت سب سے بڑی طاقت ہے۔قوم ہوش کے ناخن لے اور آئندہ انتخابات میں اپنے ووٹ کیلئے اہل، ایماندار قیادت کا انتخاب کرے۔ روٹی کپڑا مکان، ووٹ کو عزت دو ، قرض اتاروں ملک بچاؤ جیسے نعرے لگانے والوں کو قوم آزما چکی ہے۔
انہوں نے کہاکہ آئندہ انتخابات میں آزمائے ہوئے کو مزید آزمانا آنے والی نسلوں کے مستقبل کو تباہ کرنے اور انکو غلامی میں دینے کے مترادف ہے، سابقہ اور موجود حکمرانوں کی عوام دشمن پالیسیوں نے ملک کو معاشی بدحال، اداروں کو تباہ اور کمرتوڑ مہنگائی نے تمام طبقے کے افراد کوبری طرح متاثر کیا ہے۔
رہنما جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ ایک مرتبہ پھر حکمرانوں نے بجلی کی قیمت میں 3.28روپے فی یونٹ اضافہ کرکے بے شرمی کی انتہا کر دی ہے۔نگراں حکومتوں کے پاس یہ مینڈیٹ بھی نہیں کہ بجلی، گیس کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافہ کرے۔

