مقبوضہ بیت المقدس: غزہ پر اسرائیلی دہشت گردی کے نتیجے میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 4100 سے تجاوز کر گئی۔
بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق صہیونی ریاست کو فلسطینی علاقوں خصوصاً غزہ پر مسلسل حملوں اور بم باری کرتے 14 دن ہو گئے جس میں 4 ہزار 100 سے زیادہ فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔
میڈیا ذرائع کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران غزہ میں اسرائیلی بمباری سے مزید 307 فلسطینی شہید ہوئے ہیں جب کہ زخمیوں کی تعداد 13 ہزار سے زائد ہو چکی ہے۔ قابض صہیونی فوج کی درندگی کا شکار ہونے والے فلسطینیوں میں 1661 سے زیادہ بچے اور 1444 خواتین شامل ہیں، جو شہادت کا رتبہ پا چکے ہیں۔
اسرائیلی فوج کی جانب سے گزشتہ شب غزہ پر رات بھر بم برسائے جاتے رہے جن کی تعداد 100 سے زائد ہے جب کہ خان یونس میں کیے گئے حملوں میں 26 فلسطینی شہید ہوئے تھے۔اطلاعات کے مطابق تقریباً 4 ہزار سے زائد فلسطینی لاپتا ہیں۔ مقامی ذرائع کے مطابق جبالیہ میں اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں مزید 5 فلسطینی شہید ہو گئے۔ اُدھر غزہ میں قدیم جامع العمری مسجد پر بھی اسرائیل نے بمباری کی ہے۔ غزہ میں رفاہ پر اسرائیلی حملوں میں 25 فلسطینی شہید ہوئے۔