کراچی:جماعت اسلامی کے تحت بدھ 8نومبر کو صبح 10بجے شاہراہ قائدین پر اسرائیل کی دہشت گردی و بمباری سے شہید ہونے والے فلسطینی بچوں سے اظہار یکجہتی کے لیے کراچی کے ”بچوں کے غزہ مارچ ” کی تیاریاں تیزی سے جاری ہیں۔
تمام اضلاع میں ہر سطح کے ذمہ داران نجی و سرکاری اسکولوں میں رابطے کر رہے ہیں ۔ اسکولوں کے منتظمین اور پرنسپل حضرات سے ملاقاتیں کی جارہی ہیں اورا ن کو امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کی جانب سے دعوت نامہ پیش کیا جا رہا ہے ۔
اسکولوں کی جانب سے ”بچوں کے غزہ مارچ ” کا بھر پور خیر مقدم کیا گیا اور یقین دہانی کرائی گئی کہ اسکولوں کے طلبہ اپنے اساتذہ کے ہمراہ بڑی تعداد میں شریک ہوں گے ۔ جماعت اسلامی کی جانب سے ”بچوں کے غزہ مارچ ” کے لیے بڑے پیمانے پر انتظامات کیے جا رہے ہیں۔
دریں اثناء امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے ”بچوں کے غزہ مارچ ” کے منتظمین اور مختلف کمیٹیوں کے ذمہ داران کو ہدایت کی ہے کہ مارچ میں کراچی کے لاکھوں بچوں کی شرکت کے پیش نظر اور مارچ کو بھر پور اور کامیاب بنانے کے لیے بڑے پیمانے پر انتظامات اور تیاریاں کی جائیں ۔
انہوں نے کہا کہ حماس اور فلسطین کے مسلمانوں کی جدو جہد اور قربانیاں مسجد اقصیٰ کی آزادی اور تحفظ کے لیے ہے ۔ ایک ماہ کے دوران اسرائیل کی بمباری اور دہشت گردی سے تقریباً 10ہزار فلسطینی شہید ہو چکے ہیں جن میں 4ہزار سے زائد فلسطینی بچے بھی شامل ہیں ۔
