لاہور: مسلم لیگ ن نے پارٹی قائد نواز شریف کی اجازت سے عام انتخابات کے تناظر میں دیگر سیاسی جماعتوں کے ساتھ پی ٹی آئی کی دستیاب قیادت کے ساتھ بھی مشاورت کا فیصلہ کیا ہے۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق پیر کے روز نواز شریف کی صدارت میں پارٹی کے سینئر رہنماؤں کا اہم اجلاس ہوا، جس میں آئندہ عام انتخابات کے حوالے سے مشاورت اور ملک کی موجودہ سیاسی صورت حال پرتبادلہ خیال ہوا۔
اہم اجلاس میں اس بات پر بھی صلاح مشورہ کیا گیا کہ معاشرے میں پھیلے عدم برداشت اور نفرت کی سیاست کو کس طرح ختم کیا جا سکتا ہے، اس حوالے سے تمام سیاسی جماعتوں کی مشترکہ کانفرنس سمیت دیگر ممکنہ آپشنز پر غور کیا گیا۔
رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ ن لیگ نے انتخابات کے قواعد و ضوابط سے متعلق تمام ملکی سیاسی جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر لانے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے لیے تمام سیاسی جماعتوں سے رابطہ کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں پارٹی رہنماؤں کو ذمے داریاں تفویض کردی گئی ہیں اور ساتھ ہی سینیٹر اسحاق ڈار کو سیاسی جماعتوں سے رابطہ کرنے کی ذمے داری دیتے ہوئے رانا ثنا اللہ، خواجہ سعد رفیق، ایاز صادق و دیگر ارکان پر مشتمل ایک کمیٹی قائم کردی۔
لیگی رہنما پی پی، جے یو آئی، ق لیگ، متحدہ قومی موومنٹ، استحکام پاکستان پارٹی، اے این پی اور ملک کی دیگر سیاسی جماعتوں بشمول پاکستان تحریک انصاف رابطے کریں گے اور آئندہ انتخابات و موجودہ سیاسی صورت حال کے پیش نظر مشاورت کی جائے گی۔
