مقبوضہ بیت المقدس: صہیونی ریاست اسرائیل نے فلسطینی علاقوں خصوصاً غزہ پر وحشیانہ حملے کرکے انسانیت کو بھی شرما دیا، اسرائیل نے غزہ میں انسانی امداد پر حملے شروع کردیے ہیں۔
بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق انٹرنیشنل کمیٹی آف دی ریڈ کراس نے کہا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے امداد پر مشتمل اس کے 5 ٹرکوں اور 2 دوسری گاڑیوں کو نشانہ بنایا ہے۔ یہ حملہ غزہ میں کیا گیا ہے، جس میں انسانی جان بچانے والی ادویات بھی شامل تھیں۔ اسرائیلی کارروائی میں انسانی امداد پر مشتمل 2 گاڑیوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
واضح رہے کہ اسرائیلی حملوں کا شکار ہونے والے غزہ کے نہتے بچوں نے الشفا اسپتال کے باہر پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ صہیونی ریاست ہم پر مسلسل بمباری کرکے ہماری نسل کشی کررہی ہے۔ انسانی امداد بند اور اسے تباہ کرکے ہمیں بھوکا مرنے پر مجبور کیا جا رہا ہے۔
اُدھر جی سیون ممالک کے سفارت کاروں کی جانب سے ٹوکیو اجلاس کے بعد اعلامیہ جاری کیا گیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ غزہ میں عام شہریوں کو فوری امداد فراہم کی جائے اور فلسطینیوں کو خوراک، ادویہ، امدادی سامان اور پناہ گاہوں کے لیے بھی عالمی سطح پر کوششیں کی جانی چاہییں۔