نیو یارک:امریکا کے کثیر اشاعت اخبار نیویارک ٹائمز نے رپورٹ دی ہے کہ حماس نے 7اکتوبر کی کارروائی میں اسرائیل کے جوہری میزائل پروگرام کے ایک ٹھکانے کو نشانہ بنایا ہے ۔
نیویارک ٹائمز اخبار نے ایک ورچوئل تجزیہ کا حوالہ دیتے ہوئے اطلاع دی ہے کہ غالبا حماس کے مجاہدین کی جانب سے 7 اکتوبر کے حملے کے دوران ایک راکٹ سے اسرائیل کے ایک فوجی اڈے کو نشانہ بنایا گیا جس میں جوہری میزائل رکھے ہوئے تھے اور ماہرین کے مطابق اس حملے میں متعدد افراد زخمی ہوئے۔
امریکی سائنسدانوں کی فیڈریشن میں نیوکلیئر انٹیلی جنس پروجیکٹ کے ڈائریکٹر ہنس کرسٹینسن نے نیویارک ٹائمز کو بتایا کہ ممکنہ طور پر بیس پر 25 سے 50 جیریکو جوہری صلاحیت کے حامل میزائل لانچر موجود ہیں۔
امریکی اخبار کے مطابق یہ حملہ جس کی پہلے اطلاع نہیں دی گئی تھی، سدوت میخا کے علاقے میں ہوا اور یہ فلسطینی مجاہدین کی جانب سے کسی ایسی جگہ پر حملے کا پہلا اعلان کردہ واقعہ ہے جس پر اسرائیلی جوہری ہتھیار ہونے کا شبہ ہے۔
