لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پنجاب میں پراونشل انفورسمنٹ اتھارٹی کے قیام کی منظوری دے دی۔
آج لاہور میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پنجاب کے ہر ضلع اور تحصیل میں انفورسمنٹ اتھارٹیز قائم کی جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ چیف سیکرٹری صوبائی انفورسمنٹ اتھارٹی کے سربراہ ہوں گے اور ایک ڈائریکٹر جنرل بھی تعینات کیا جائے گا۔
انفورسمنٹ اتھارٹیز سرکاری اراضی پر قبضوں سمیت دیگر سپیشل ٹاسک سرانجام دیں گی، اتھارٹی کو پرائس کنٹرول، سرکاری زمینوں پر قبضے، تجاوزات اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف کارروائی کے اختیارات ہوں گے۔
تحصیل انفورسمنٹ یونٹ کے زیر نگرانی تحصیل کی سطح پر پولیس سٹیشن اور سپیشل فورس بھی قائم کی جائے گی، تحصیل انفورسمنٹ اتھارٹی میں یونٹ انچارج، انویسٹی گیشن آفیسرز، انفورسمنٹ آفیسرز اور کانسٹیبل تعینات ہوں گے۔
تحصیل انفورسمنٹ یونٹ کو قانون پر عملدرآمد کے علاوہ مقدمہ درج کرنے، تحقیقات اور گرفتاری کے اختیارات بھی حاصل ہوں گے جبکہ مانیٹرنگ کے لئے صوبائی انفورسمنٹ اتھارٹی اور ڈسٹرکٹ انفورسمنٹ اتھارٹی کے دفاتربھی قائم کئے جائیں گے۔

