واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکی فوج نے کہا ہے کہ اس نے بحیرہ احمر کی آبی گزرگاہ پر تجارتی جہاز پر یمن کے حوثی باغیوں کے حملے کے بعد ان کے راڈار کے ٹھکانوں پر حملے شروع کردیے ہیں۔ امریکی فوج کی سینٹرل کمانڈ نے کہا ہے کہ امریکی فوجی کارروائیوں کے نتیجے میں حوثیوں کے کنٹرول کے علاقے میں 7راڈار تباہ ہو گئے ہیں۔ سینٹرل کمان کے بیان میں کہا ہے کہ حوثی ان راڈاروں سے بحری جہازوں پر حملے کرنے میں مدد لے رہے تھے۔ بیان میں بتایا گیا کہ لائبیریا کے پرچم بردار یونانی ملکیت کے ایک مال بردار جہاز کا ایک ملاح بدھ کے روز حوثیوں کے حملے کے بعد سے لاپتا ہے۔ اس جہاز پر حملے کے لیے حوثیوں نے بم بردار ڈرون کشتی استعمال کی تھی۔ فوج کے ایک اور بیان میں کہا گیا ہے کہ بحیرئہ احمر میں 2بم بردار ڈرون کشتیاں اور حوثیوں کی جانب سے لانچ کیا جانے والا ایک ڈرون بھی تباہ کر دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ نومبر میں حوثیوں کے حملوں کے آغاز سے اب تک 50 سے زیادہ حملے کیے جا چکے ہیں، جن میں 3ملاح ہلاک ہوئے۔ ایک جہاز پر باغیوں کا قبضہ ہوا اور ایک اور جہاز کو انہوں نے غرق کر دیا تھا۔دوسری جانب حوثیوں کا کہنا ہے کہ جنوری میں امریکی قیادت میں ان پر کیے گئے فضائی حملے میں 30 مئی تک کم ازکم 16 افراد ہلاک اور 42 زخمی ہو چکے ہیں۔