English Al Qamar Urdu جون 25, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

ووٹ کوعزت دو کے بیانیے کا اختتام بجٹ کے ساتھ بوٹ کو عزت دو پر ہوا،عمرایوب

القمر

اسلام آباد(نمائندہ جسارت) قومی اسمبلی میں پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے قائد حزب اختلاف عمر ایوب نے کہا ہے کہ ووٹ کوعزت دو کے بیانیے کا اختتام بجٹ کے ساتھ بوٹ کو عزت دو پر ہوا۔ جمعرات کو قومی اسمبلی میں نئے مالی سال کے بجٹ پر بحث کا آغاز کرتے ہوئے ان کا کہنا تھاکہ ہم مینڈک کو دیسی زبان میں ڈڈو کہتے ہیں اور یہ بجٹ ڈڈو بجٹ سے زیادہ کچھ نہیں ہے، یہ اس عوام کے ساتھ فراڈ ہے، یہ عوام کے ساتھ ڈاکا مارا گیا ہے، یہ بجٹ درحقیقت پاکستان کے عوام اور مستقبل کے ساتھ معاشی دہشت گردی ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ بجٹ اکنامک ہٹ مین کے ذریعے بنایا گیا ہے جو ملک کی بنیادیں ہلا دینا چاہتے ہیں، وہ متعدد بار یہاں آئے اور اپنے پیچھے کھنڈرات چھوڑ کر گئے۔ قائد حزب اختلاف نے کہا کہ شہباز شریف کے دورہ چین پر اْن کا استقبال ڈپٹی میئر نے کیا اور حکومت اس کو کامیاب دورہ کہہ رہی ہے، حکومت کا واسطہ چکمے والے لوگوں سے پڑھا ہے کیونکہ پہلے وہ لے کر آئے اور اب آرے سے سیٹ کاٹ رہے ہیں۔ان کا کہنا تھاکہ ملک کا ساڑھے 8ہزار ارب روپے خسارے کا بجٹ ہے، سعودی عرب عالمی بینک سمیت کوئی بھی یہاں سرمایہ لگانے کو تیار نہیں، پرانے منصوبے ہی چلیں گے کوئی نیا منصوبہ اس بجٹ میں شامل نہیں، بھاری شرح سود پر قرضے لینے پڑیں گے بتایا جائے 92 فیصد خسارے کو کون کور کرے گا؟ اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ 90 فیصد خسارے کو بینکوں سے فنانس کیا جائے گا یہ شوگر کے مریض کو دو تین اکٹھی گلوکوز کی ڈرپس لگانے کے مترادف ہے، اس اقدام کا نتیجہ مہنگائی کے آوٹ آف کنٹرول ہونے کی صورت میں نکلے گا معاشی عدم استحکام ان کے بجٹ سے واضح ہورہا ہے۔ تحریک انصاف کے رہنما نے سوال کیا کہ کیا پیپلز پارٹی اس بجٹ کی حمایت کرے گی؟َ۔دریں اثناء حکومت کو کچے کا ڈاکو کہنے پر وفاقی وزیر اطلاعات نے احتجاج کیا اور کہا کہ غیر پارلیمانی الفاظ کا استعمال نہ کیا جائے جس پر قائد حزب اختلاف نے کہا کہ کچے کا ڈاکو کون سا غیر پارلیمانی لفظ ہے ؟ علاوہ ازیں قومی اسمبلی میں اپوزیشن نے 7 وزارتوں کے بجٹ میں کٹوتی کے لیے تحاریک جمع کرا دیں۔کٹوتی کی تحاریک کابینہ سیکرٹریٹ ، توانائی ، فنانس اینڈ ریونیو ، خارجہ امور ، داخلہ امور،قانون و انصاف اور وزارت نیشنل فوڈ سیکورٹی کے خلاف جمع کرائی گئیں ۔بجٹ منظوری کے دوران اپوزیشن کی ان تحاریک پر ووٹنگ ہوگی۔ذرائع کے مطابق کٹوتی کی تحاریک سے متعلق تمام اراکین کو آگاہ کردیا گیا۔دوسری جانب سینیٹ میں بھی اپوزیشن رہنماؤں کی جانب سے بجٹ پر شدید تنقید کی گئی۔ سینیٹ اجلاس کی صدارت ڈپٹی چیئرمین سیدال خان نے کی۔ ایوان میں بجٹ پر بحث جاری رہی۔ پاکستان تحریک انصاف کے بیرسٹر علی ظفر نے بجٹ کو ظالمانہ اور عوام دشمن قرار دیا اور کہا کہ بھاری بھرکم ٹیکسوں کے نفاذ سے عوام انقلاب کی طرف آئے گی۔اپوزیشن نے کہاکہ اس سے قوم کا بچہ بچہ مزید قرض دار ہوگا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے