English Al Qamar Urdu جون 29, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

اسٹیبلشمنٹ سے رابطوں میں کوئی ٹھوس چیز بن کر نہیں نکلی‘ علی امین گنڈا پور

القمر

راولپنڈی(مانیٹرنگ ڈیسک)خیبرپختونخوا (کے پی) کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے اسٹیبلشمنٹ سے رابطوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک سرکاری پوزیشن پر ہوں لہٰذا رابطے ہوتے ہیں لیکن کبھی کوئی ٹھوس چیز بن کر نہیں نکلی۔پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان سے اڈیالہ جیل میں ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی امین گنڈاپور نے کہا کہ حکومت کہتی ہم سے مذاکرات کرو لیکن ہم کہتے ہیں کہ تم تو حکومت ہی نہیں ہو، آپ سے کیا مذاکرات کریں۔ انہوں نے کہا کہ میں بطور وزیر اعلیٰ کے پی ایک آفیشل پوزیشن پر ہوں، میرے اسٹیبلشمنٹ سے رابطے ہوتے رہتے ہیں لیکن کبھی کوئی ٹھوس چیز بن کر نہیں نکلی، جب ان سے بات کریں گے تو ہم بھی اپنے شہیدوں کو نہیں بھولیں گے، ہم اپنی غلطیوں پر اور وہ اپنی غلطیوں پر معافی مانگیں گے۔وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ بانی چیئرمین اپنے نظریے پر ڈٹے ہوئے ہیں اور نظریہ قید نہیں ہو سکتا، آئین کی پاسداری اور خودداری کے لیے قوم کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت پر بانی پی ٹی آئی کو تشویش ہے، وہ ملک کے لیے بات کرنے کو تیار ہیں، بانی چیئرمین نے ہمیشہ ملک کے لیے مذاکرات کا کہا اور ایک کمیٹی بھی بنائی۔ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے پہلے کہا مجھ پر حملہ کروایا جائے گا اور پھر ہوا، پارٹی ختم کرنے کے لیے سازشیں ہوں گی، غلطی آپ کی ہو اور مجھ سے کہا جائے میں معافی مانگوں ایسا نہیں ہوگا، آپ آئیں بیٹھیں بات کریں میری غلطی ثابت کریں، جتنی غلطی ہوگی اتنی معافی بھی مانگ لیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ پارٹی کے اندر کے معاملات پارٹی کے اندر حل کرلیں گے، میرا خیال ہے واپسی کے راستے بند نہیں کرنے چاہئیں، اصلاح والی بات کا مارجن بہت بڑا ہے۔صوبے کی سیکیورٹی کی صورت حال پر ان کا کہنا تھا کہ پارا چنار میں سیز فائر ہو چکا ہے، دو گروپوں میں زمین کا تنازع ہے لیکن اس کودہشت گردی اور مذہبی رنگ دیا جا رہا ہے جو درست نہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے