ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

کراچی سمیت ملک بھر میں بارش‘ نشیبی علاقے زیر آب‘ حاد ثات میں 12 افراد جاں بحق

اسلام آباد /لاہور/جامشورو(نمائندہ جسارت + آن لائن+صباح نیوز+مانیٹرنگ ڈیسک) ملک کے بیشتر شہروں میں مون سون بارشوں سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے، خستہ حال گھروں کی چھتیں گرنے کے باعث 12 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے، اسلام آباد میں بارش کے پانی میں نہاتے ہوئے کرنٹ لگنے سے 2 بچے دم توڑ گئے۔ بارشوں کے باعث برساتی نالوں میں طغیانی سے فصلیں تباہ اور سیکڑوں مکانات پانی میں ڈوب گئے اور مویشی بہہ گئے، لاہور سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں بارش کے پیش نظر پی ڈی ایم اے پنجاب نے الرٹ جاری کر دیا، مون سون بارشوں کاسلسلہ 6 اگست تک جاری رہنے کی پیشگوئی ۔ میانوالی میں بارش کے باعث برساتی نالوں میں شدید طغیانی سے فصلوں کو شدید نقصان پہنچا جبکہ روجھان میں کوہ سلیمان سے نکلنے والے
زنگی اور سوری نالوں میں طغیانی سے سیلابی ریلا قریبی بستیوں میں داخل ہوگیا جس کے باعث 100 سے زاید مکانات پانی میں ڈوب گئے، علاقہ مکین اپنی مدد آپ کے تحت محفوظ مقامات پر منتقل ہوگئے ہیں۔ بارشوں سے کندیاں کے قریب دریائے سندھ میں طغیانی اور چشمہ بیراج کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب برقرار ہے۔ سندھ کے علاقے جامشورو، خیر پور ناتھن اور اوستہ محمد میں بادل کھل کر برسے، جامشورو میں بارش کے باعث کئی مکانوں کی چھتیں گرنے سے خاتون سمیت 2 افراد جاں بحق ہوگئے۔ نوشہرو فیروز میں چھتیں گرنے کے 3 واقعات میں ایک بچی جاں بحق جبکہ 5 افراد زخمی ہوگئے، جیکب آباد میں گاؤں شاہ دوست میں بارش سے مکان کی چھت گر گئی، چھت گرنے سے2 افراد ملبے تلے دب کرجاں بحق ہوگئے۔ دادو میں مسلسل بارش سے ندی نالوں میں طغیانی آ گئی، کاچھو کے سیکڑوں دیہات کا دادو اور جوہی شہر سے زمینی رابطہ منقطع ہوگیا ہے۔ ادھر خیبرپختونخوا کے ضلع کرک میں کمرے کی چھت گرنے سے 2 بچے جاں بحق جبکہ خاتون سمیت 3 افراد زخمی ہوئے۔ ضلع کرک میں 2 بچوں سمیت 4 افراد برساتی نالوں میں ڈوب گئے، بابل خیل برساتی نالے کوعبور کرنے کے دوران نانا اور نواسہ ڈوب گئے، لواغرالگڈہ میں برساتی نالے میں ڈوبنے والے 26 سالہ شہزاد کی نعش نکال لی گئی۔ ٹانک میں بارش سے مکان کی چھت گرنے سے بچے سمیت 3 خواتین جاں بحق جبکہ 2 افراد زخمی ہوگئے۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں