English Al Qamar Urdu جون 26, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

تمام آئی پی پیز کا جائزہ لے رہے ہیں، وزیرتوانائی

القمر

اسلام آباد (اے پی پی) توانائی کے شعبے میں ڈھانچا جاتی اصلاحات کے نفاذ سے متعلق قومی ٹاسک فورس کے چیئرمین سردار اویس احمد خان لغاری نے کہا ہے کہ توانائی کے شعبے میں اصلاحات کی جا رہی ہیں ،اس شعبے کے تمام مسائل حل کریں گے۔ جمعہ کو پاور سیکٹر کی مجموعی اصلاحات بالخصوص آئی پی پیز کے حوالے سے میٹنگ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم تمام آئی پی پیز کا جائزہ لے رہے ہیں اور آئندہ کی پوری حکمت عملی بنائی ہے ،اس سلسلے میں آج ہم نے آئی پی پیز کی جتنی بھی کپیسٹی ہے، اس کا اسٹاک لیا ہے جس کے بعد ہم یہ دیکھیں گے کہ ہمیں ان کی کتنی کپیسٹی کی ضرورت ہے، ہماری وزارت نے ایک دو ماہ سے اس پر کام بھی کیا ہوا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کی قیمتوں میں اضافہ نہیں کیا گیا بلکہ بجلی 77پیسے فی یونٹ سستی ہوئی ہے ، چند عناصر پروپیگنڈے کے تحت مایوسی پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں جس سے عوام کی امیدیں ٹوٹ رہی ہیں ۔ اویس لغاری نے کہا کہ ہماری وزارت نے وضاحت بھی دی ہے کہ کل مختلف اخبارات میں دعویٰ کیا گیا کہ حکومت نے بجلی کے نرخوں میں 2.56 روپے فی یونٹ اضافہ کیا ہے جبکہ حقیقت اس کے بر عکس تھی کیونکہ حکومت نے گزشتہ ماہ کے بلوں کے مقابلے میں نرخوں میں کمی کی ہے،فیول کاسٹ ایڈجسٹمنٹ کے نوٹیفکیشن کے مطابق صارفین کو پچھلے مہینے کے مقابلے میں 0.77 روپے کا ریلیف ملا ہے۔ وفاقی وزیر پاور ڈویژن نے کہا کہ وزارت عوام تک درست معلومات پہنچائے گی اور آنے والے دنوں میں عوام کو خوشخبری ملے گی ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے