English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

ایم کیو ایم نے صرف بھتا خوری کی ہے،میئر حیدرآباد

القمر

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)میئر حیدر آباد کاشف شورو نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم نے صرف بھتا خوری کی ہے کام کوئی نہیں کیا40 برسوں سے نالوں کی ڈی سیلٹنگ نہ کرائی جو اب ہم کروارہے ہیں اور 90 فیصد کام کرچکے ہیں۔وہ حیدر آباد کے مختلف علاقوں میںنوتعمیر شدہ اور نئی تعمیر ہونے والی شاہراہوں کی افتتاحی تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ بارشوں میں عوامی نمائندے سڑکوں پر تھے تمام افسران نے پمپنگ اسٹیشنز کو خود مانیٹر کیا اور واسا بلدیہ و ضلعی انتظامیہ نے مل کر کام کیا جو آئندہ بھی کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں تجاوزات کے خلاف آپریشن بلا تفریق جاری ہے تاہم ہم کسی کو بے روزگار کرنا نہیں چاہتے کیونکہ پیپلز پارِٹی نے ہمیشہ روزگار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوشش کریں گے جہاں انکروچمنٹ ختم کی وہ دوبارہ نہ قائم ہو کیونکہ ان تجاوزات کی وجہ سے امدادی کاموں میں رکاوٹ پیدا ہوتی ہے جو ناقابل برداشت ہے۔میئر حیدر آباد نے کہا کہ آٹو بھان روڈ پر نالے کی تعمیر کا کام تیزی سے جاری ہے اور اس میں رکاوٹ بننے والے بجلی کے پولزکو ریمو کرادیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر برسات سے قبل روڈ بنا بھی دیں تو وہ دوبارہ تباہ ہوجاتا ہے اس لیے نالے کا کام مکمل ہوتے ہی اس روڈ کو بنایا جائے گا۔میئر حیدر آباد کاشف شورو نے کہا کہ کوشش کررہا ہوں کہ ایک بڑی گرانٹ لے کر شہری مسائل کو حل کروں کیونکہ اب تک جو کام کررہے ہیں وہ حیدر آباد میونسپل کارپوریشن کی بچت سے ہورہا ہے اور اس میں بھی کوشش ہے کہ تمام مسائل حل کرلیں۔ علاوہ ازیں میئر حیدر آباد نے افتتاحی تقاریب سے بھی خطاب کیا اور عوام نے ان کا بھرپور استقبال کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے