جیکب آباد (نمائندہ جسارت) جیکب آباد میں شدید گرمی و حبس، کئی افراد بے ہوش، بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ، متعدد علاقوں کے ٹرانسفارمر جل گئے، شہریوں کا احتجاج۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد میں جمعرات کے روز شدید گرمی اور حبس رہی جس کی وجہ سے کئی افراد بے ہوش ہوگئے، ایک طرف گرمی کی شدت میں اضافہ تو دوسری جانب سیپکو کی طرف سے بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے، شہر کے کئی فیڈرز پر گزشتہ روز 12 گھنٹوں تک بریک ڈاؤن کیا گیا رات بھر بجلی بند ہونے کی وجہ سے شہر اندھیرے میں ڈوب گیا اور گرمی کی وجہ سے شہری بلبلا اٹھے، جیکب آباد شہر کے کئی علاقوں میں متعدد ٹرانسفارمر گزشتہ ایک ماہ سے خراب ہیں جس کی وجہ سے شہر کے نصف محلوں میں ایک ماہ سے بجلی نہ ہونے کی وجہ سے لوگ سخت اذیت میں مبتلا ہیں، بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ اور ٹرانسفارمر خراب ہونے کے خلاف جمس اسپتال اے ڈی سی کالونی کے مکینوں نے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ ایک ماہ سے زائد عرصہ گزر گیا ہے لیکن سیپکو حکام ٹرانسفارمر نہیں بنوا رہے جس کی وجہ سے بچے، بوڑھے اور خواتین بیمار ہوچکے ہیں۔شہریوں نے مطالبہ کیا کہ بجلی کی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ کم کرکے خراب ٹرانسفارمر بنواکر شہریوں کو اذیت سے نکالا جائے۔
