اسلام آباد:بھارت کی جانب سے ماضی کی طرح ایک بار پھر آبی دہشت گردی کا واقعہ سامنے آیا ہے، جس کے نتیجے میں پنجاب میں ہزاروں دیہات اور لاکھوں ایکڑ رقبہ سیلابی پانی میں ڈوب گیا۔
قدرتی آفات سے نمٹنے والے صوبائی ادارے (پی ڈی ایم اے) کی جانب سے الرٹ میں بتایا گیا ہے کہ دریائے چناب پر قادر آباد بیراج پر پانی کی سطح میں تیزی کے ساتھ اضافہ ہو رہا ہے۔ اسی طرح دریائے راوی میں بھی شاہدرہ کے مقام پر 40 سے 55 ہزار کیوسک پانی کا بہاؤ متوقع ہے۔
پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی جانب سے دریائے راوی میں نچلی سطح پر سیلاب کا انتباہ جاری کردیا گیا ہے، جس میں قرب و جوار کی آبادیوں کو محفوظ مقامات کی جانب منتقلی کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
الرٹ میں خدشہ ظاہر کیا ہے کہ بھارتی آبی جارحیت کے باعث پنجاب کے دریاؤں اور ندی نالوں میں طغیانی آ سکتی ہے جبکہ دریائے چناب میں پانی کی سطح 2 سے ڈھائی لاکھ کیوسک تک بڑھنے کا امکان ہے جس کے باعث اگلے 24 گھنٹوں میں دریائے چناب میں اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ ہے۔
دوسری جانب سیہون کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ڈکلیئرکردیاگیا ہے اور کچے کے علاقے کے علاوہ کئی دیہات میں پانی داخل ہوگیا ہے۔ دریائے سندھ میں سیہون کے مقام سے 3 لاکھ کیوسک پانی کا ریلا کوٹری بیراج کے طرف رواں دواں ہے۔

