English Al Qamar Urdu جون 29, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

غزہ میں جنگ بندی کیلیے پہلے سے بہت زیادہ قریب پہنچ چکے ہیں‘ امریکی صدر

القمر

 

واشنگٹن /غزہ /تل ابیب /بیروت (مانیٹرنگ ڈیسک)امریکا کے صدر جوبائیڈن کا کہنا ہے کہ غزہ میں جنگ بندی کی ڈیل کے لیے پہلے سے کہیں زیادہ قریب پہنچ چکے ہیں۔ غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کے بغیر دوحا میں امریکا، اسرائیل، قطر اور مصر کے درمیان ہونے والے مذاکرات کے نئے دور کے بعد امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا کہ وہ بہت زیادہ پر امید ہیں کہ غزہ جنگ بندی مذاکرات طے پا جائیں گے، غزہ میں جنگ بندی سمجھوتے کے لیے پہلے سے کہیں زیادہ قریب پہنچ چکے ہیں۔ دوسری جانب حماس نے غزہ جنگ بندی کے حوالے سے قطر میں ہونے والے مذاکرات کے نتائج پر شکوک و شبہات کا اظہار کیا ہے اور ان کا مطالبہ ہے کہ پہلے امریکا نے جو تجاویز پیش کی تھیں ان پر عمل درآمد کروائے ۔امریکا، مصر اور قطر کی جانب سے جاری ایک مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ انہوں نے جنگ بندی اور یرغمالیوں کی رہائی کے حوالے سے ایک تجویز
پیش کی ہے جس سے اسرائیل اور حماس کے درمیان دوریاں کم ہوں گی۔ امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن گزشتہ روزاسرائیل پہنچ گئے جہاں وہ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو سے ملاقات کریں گے اور معاہدے کے حوالے سے مذاکرات کی نئی تجاویز پر تبادلہ خیال کریں گے۔ غزہ کے وسطی علاقے میں جنگی ساز و سامان کی منتقلی کے دوران ہونے والے ایک بم دھماکے میں 2 اسرائیلی فوجی مارے گئے جب کہ متعدد زخمی ہیں۔اسرائیلی میڈیا کے مطابق ملکی فوج کے ترجمان نے بم دھماکے میں ہلاک ہونے والے میجر34 سالہ یوتم اِتزاک پیلڈ ایک لاجسٹک آفیسر تھے جب کہ میجر موردچائی یوسف فوجی ٹرک چلا رہے تھے۔ اسرائیلی فوج نے ایک گودام میں پناہ لیے ہوئے فلسطینی خاندان پر حملہ کرکے 9 بچوں سمیت 15 افراد کو شہید کر دیا۔ عرب میڈیا کی خبر کے مطابق اسرائیلی فوج نے وسطی غزہ کے علاقے الزوآدہ میں قائم ایک گودام پر رات گئے بمباری کی جس کے نتیجے میں وہاں پناہ لیے ہوئے 16 افراد شہید ہوئے جن میں سے 15 کا تعلق ایک ہی خاندان سے تھا جبکہ شہید ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے۔ عرب میڈیا کا بتانا ہے کہ اسرائیلی فوج نے جبالیہ پناہ گزیں کیمپ، دیرالبلاح، خان یونس پر بھی بمباری کی اور اسرائیلی بمباری میں متعدد فلسطینی شہید اور زخمی ہوئے جبکہ اسرائیلی فوج نے مغربی کنارے کے شہر جنین میں بھی ایک کار پر ڈرون حملہ کرکے 2 فلسطینی نوجوانوں کو شہید کردیا۔ حزب اللہ نے کہا ہے کہ انہوں نے جنوبی لبنان میں ہونے والے قتل عام کا بدلہ لینے کے لیے شمالی اسرائیل میں آیلیٹ ہشاہر کبوتز پر حملہ کردیا۔ عرب نیوز کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ ہفتے کو لبنان سے ہونے والے راکٹ حملے میں 2 فوجی زخمی ہوئے، مزید کہا کہ تازہ ترین حملوں میں کل 55 راکٹ فائر کیے گئے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے