کراچی:شہر قائد کی تاجر تنظیموں نے ایک بار پھر مہنگی بجلی،بجلی کے بھاری بلوں،تنخواہ دار طبقے و تاجروں پر ظالمانہ ٹیکسز کے خلاف28اگست کو ملک گیر شٹرڈاؤن ہڑتال کی مکمل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ 28اگست کو تمام مارکیٹیں اور کاروبار بند رہے گا۔
کراچی گڈز کیریئر ایسوسی ایشن کے رہنماؤں نے امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان سے ملاقات کرتے ہوئے کہاکہ ،تاجر دوست اسکیم کے خاتمے سمیت دیگر مطالبات منظور نہ ہوئے تو طویل ہڑتال کا اعلان بھی کیا جاسکتا ہے۔
منعم ظفر خان نے تاجرتنظیموں اور گڈزایسوسی ایشن کے عہدیداران سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ تمام تاجر حضرات اور پوری ملت اسلامیہ کومبارک ثانی کیس اور ختم نبوت کے حوالے سے سپریم کورٹ کے فیصلے پر مبارک باد پیش کرتے ہیں، جماعت اسلامی کے تحت جمعہ کو کراچی میں بھی یوم تشکر منایا گیا۔
انہوں نے مزیدکہاکہ تاجر اور جماعت اسلامی لازم ملزوم ہیں، حافظ نعیم الرحمن جب کراچی آئے تو سب سے پہلے تاجروں سے ملاقات ہوئی، ہم نے مطالبات میں تاجر دشمن اسکیم لکھا اور کہا کہ اسے ختم کیا جائے، ظالم حکمرانوں کے خلاف 14 دن دھرنا دیا،پنڈی،لاہور،ملتان،پشاور سمیت مختلف شہروں میں جلسے کیے،جماعت اسلامی نے دھرنا ختم نہیں کیا بلکہ موخر کیا ہے،بعض آئی پی پیز کو صفر فیصد جنریشن پر 100 فیصد ادائیگی پاکستان کے عوام پر ظلم ہے، تاجر دوست اسکیم کے نام پر تاجروں سے ایڈوانس میں ٹیکس وصول کرنے کی بات ہورہی ہے، کے الیکٹرک، نیپرا اور حکومت کا شیطانی اتحاد ہے جو عوامی اتحاد سے توڑیں گے۔

