اسلام آباد (نمائندہ جسارت) دنیا بھر میں قید پاکستانی شہریوں کے بارے میں تفصیلات قائمہ کمیٹی میں پیش کر دی گئی۔وزارت خارجہ حکام کے مطابق دنیا بھر میں 22 ہزار 100 پاکستانی شہری قید ہیں، سعودی عرب میں 10 ہزار 400 سے زائد قیدی ہیں، 5 ہزار سے زائد قیدی متحدہ عرب امارات میں ہیں۔حکام وزارت خارجہ کے مطابق دنیا کے باقی ممالک میں بھی پاکستانی شہری قید ہیں، زیادہ تر افراد اِل لیگل امیگریشن میں قید ہوتے ہیں، قتل، ہراسانی اور دیگر جرائم میں بھی پاکستانی شہری قید ہیں۔اس موقع پر سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا کہ دنیا بھر میں زیر حراست پاکستانی قیدیوں کے لیے ہم وہ کاوشیں نہیں کرتے جو ہونی چاہییں۔سیکرٹری خارجہ نے کہا کہ موجودہ حکومت کی پالیسی ہے کہ وہ سمندر پار پاکستانیوں کی فلاح کے لیے کام کرے، اس بارے میں حکومت نے ہمیں خاص ہدایات جاری کی ہیں۔انہوں نے کہا کہ یورپی یونین کے ساتھ ایک الیکٹرک سسٹم بنایا گیا ہے، جیسے ہی کسی یورپی ملک میں پاکستانی گرفتار ہوتا ہے تو تفصیلات ہمیں مل جاتی ہیں۔
