امریکا کے شہر ڈیلاویئر میں چار ملکی اتحاد ’’کواڈ‘‘ کے سربراہ اجلاس کے موقع پر امریکی صدر جو بائیڈن اور بھارتی وزیرِاعظم نریندر مودی کے درمیان دوطرفہ تعلقات بہتر بنانے پر بات چیت ہوئی ہے۔ امریکا نے ڈرون ڈیل کی تعمیل میں تیزی کی ہدایت کرنے کے ساتھ ساتھ بھارتی قیادت کو یقین دلایا ہے کہ امریکی ادارے بھارت میں سیمی کنڈکٹر پلانٹ لگائیں گے۔
سیمی کنڈکٹر تیار کرنے کی صنعت میں اس وقت تائیوان عالمی قائد کا درجہ رکھتا ہے۔ چین بھی اس معاملے میں پیچھے نہیں تاہم وہ امریکا اور مغرب کی معاونت سے تائیوان کو دلائی جانے والی برتری ختم کرنے میں ناکام رہا ہے۔
بھارت کے وزیرِاعظم نریندر مودی نے ’’کواڈ‘‘ میں شرکت کے موقع پر میڈیا کو بتایا ہے کہ امریکا اور بھارت کے درمیان کئی شعبوں میں وسیع تر تعاون کی بات ہوئی ہے۔ امریکی ادارے بھارت میں غیر معمولی حد تک سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں اور اس کے لیے وہ بھرپور تیاریاں بھی کر رہے ہیں۔
نریندر مودی اس ہائی پروفائل دورے کو اپنا پورٹ فولیو مزید مضبوط بنانے کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔ وہ اپنے ہم وطنوں کو یقین دلانا چاہتے ہیں کہ امریکا اور یورپ اب بھی بھارت کی طرف واضح جھکاؤ رکھتے ہیں۔
امریکی قیادت نے فروری میں بھارت کو 31 عدد MQ-9B اٹیک ڈرون فراہم کرے کی مںظوری دی تھی۔ بھارت کے لیے یہ ڈرون تیاری کے آخری مراحل میں ہیں۔

