حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) لیاقت میڈیکل اسپتال حیدرآباد و جامشورو کے ڈائریکٹر ایڈمن و ڈائریکٹر فنانس عبدالستار جتوئی نے کہا ہے کہ اسپتال میں بلاامتیاز دُکھی انسانیت کی خدمت کررہے ہیں، ہماری کوشش ہے کہ صوبائی حکومت کے ویژن کے مطابق غریب عوام کو علاج معالجے کی بھرپور سہولیات فراہم کی جائیں، یہی وجہ ہے کہ اسپتال میں علاج سے لے کر ادویات اور پیتھالوجی ٹیسٹ تک مریضوں کو مفت فراہم کیے جارہے ہیں۔ وہ اپنے دفتر میں ملاقات کے لیے آنے والے سول سوسائٹی کے نمائندوں، تاجروں، سماجی تنظیم کے رہنماؤں، وکلاء، ادیب اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد سے ملاقات کے موقع پر بات چیت کر رہے تھے۔ عبدالستار جتوئی نے کہا کہ ہم نے ماضی میں بھی دن رات اس اسپتال کی بہتری کے لیے کام کیا ہے اور اب بھی کسی قسم کی کوئی کسر اُٹھا نہیں رکھی جائے گی، مہنگائی کے اس دور میں جب علاج کرانا بھی غریب افراد کی بس کی بات نہیں رہی تو ہماری کوشش ہے کہ سول اسپتال حیدرآباد اور جامشورو میں علاج کے لیے آنے والے مریضوں کو ہر طرح کی سہولیات فراہم کریں، سول اسپتال حیدرآباد میں اس وقت بھی ایمرجنسی وارڈ، ڈائیلسز سینٹر، گائنی وارڈ، پیڈز سرجری، یورولوجی وارڈ، نیورو سرجری، دل کے امراض، سرجیکل وارڈ سمیت دیگر وارڈوں میں جدید طرز کے علاج کی سہولیات دی گئی ہیں جن سے نہ صرف حیدرآباد بلکہ سندھ کے 16 سے زائد اضلاع سے آنے والے مریض بھرپور فائدہ اُٹھا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اسپتال کے تمام ڈاکٹرز، پیرامیڈیکل اسٹاف، نرسنگ اسٹاف کو سخت ہدایت جاری کی ہوئی ہیں کہ وہ اپنی حاضری کو یقینی بنائیں اور علاج کے لیے آنے والے مریضوں کو ہر ممکن علاج کی سہولیات فراہم کریں، اسٹاف اور ڈاکٹروں کی حاضری کو یقینی بنانے کے لیے باقاعدہ بائیو میٹرک سسٹم رائج ہے جس کے ذریعے حاضریوں کو یقینی بنایا جاتا ہے۔
