حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) میئر کاشف علی شورو کے احکامات پر میئر سیکرٹریٹ سوک سینٹر میں ٹاؤن میونسپل کارپوریشن قاسم آباد اور حسین آباد کے یوسی چیئرمینز کا اپنے مسائل و دیگر کاموں کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت میئر کاشف علی شورو نے کی، اجلاس میں ٹائون میونسپل کارپوریشن قاسم آبادکے چیئرمین عبدالغفور درس، پی پی کے آفتاب خانزادہ اور قاسم آباد اور حسین آباد ٹاؤن میونسپل کارپوریشنز کے یوسی چیئرمینز شریک تھے، اجلاس میں یوسی چیئرمینوں کے ساتھ عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے سلسلے میں تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں تمام یوسی چیئرمینوں نے میئر کو اپنے اپنے علاقوں میں پانی کی لائنوں کی ٹوٹ پھوٹ، سیوریج سسٹم کی بہتری، سڑکوں و گلیوں کی مرمت، الیکٹرک لائٹوں، اسپرے مشینوں کی ضرورت و دیگر مسائل بھی گوش گزار کیے، میئر نے تمام چیئرمینوں کے مسائل کو تفصیل سے سنا۔ میئر نے اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ہم عوام کی خدمت اور ان کے بنیادی مسائل حل کرنے اور حیدرآباد کو مثالی شہر بنانے کا عزم لے کر آئے ہیں اور اپنے اسی ایجنڈے پر دن رات کوشاں ہیں، بلاتفریق خدمت پر یقین رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آپ نے جو مسائل پیش کیے ہیں انہیں حل کیا جائے گا اور بلدیہ حیدرآباد آپ کے ساتھ ہر طرح کی مدد کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ تمام یوسی چیئرمین بلدیہ حیدرآباد سے متعلق اپنے مسائل اور ترقیاتی اسکیموں کو تحریری لیٹر کے ساتھ جمع کرائیں تاکہ حیدرآباد میونسپل کارپوریشن آپ کے علاقوں میں تعمیر و ترقی سے متعلق کاموں کو اپنی آئندہ NIT میں شامل کرسکے۔ انہوں نے کہا کہ ٹاؤن میونسپل کارپوریشنز کے پاس محدود وسائل ہیں جہاں تک بلدیہ حیدرآباد سے ممکن ہوگا آپ کے مسائل کو حل کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی، تاہم اس وقت یوسیز کے مالی وسائل بھی پہلے سے بہتر ہوئے ہیں۔ اس لیے ضروری ہے کہ یوسی اپنے علاقے میں مین ہول کوورز، لائنوں کی مرمت، لائٹوں کی تنصیب اور دیگرکے چھوٹے چھوٹے کام کرائیں تاکہ عوام کو بہتر ریلیف ملے۔
