English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

حزب اللہ کے راکٹ حملے میں 2 اسرائیلی ہلاک10 زخمی،چاقوبردار کے حملوں میں 6 صہیونی لہو لہان

غزہ: اسرائیل کی جانب سے بمباری کے بعد تباہی کا خوفناک منظر
غزہ: اسرائیل کی جانب سے بمباری کے بعد تباہی کا خوفناک منظر

مقبوضہ بیت المقدس/بیروت/دمشق (مانیٹرنگ ڈیسک+صباح نیوز) لبنان کی مزاحتمی تنظیم حزب اللہ کے راکٹ حملے میں 2اسرائیلی ہلاک اور 10زخمی ہوگئے ۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق حزب اللہ نے شمالی اسرائیل کے علاقے کریات شمونہ اور سرحدی علاقوں پر یکے بعد دیگرے راکٹس داغے جن میں سے ایک راکٹ ایک گھر پر لگا جس میں آگ بھڑک اْٹھی۔حزب اللہ کے حملے کے دوران کریات شمونہ میں سائرن بجنے لگے اور فضائی دفاعی نظام نے راکٹوں کو روکنے کی کوشش بھی کی، اس کے باوجود کئی راکٹ کریات شمونہ میں گرے۔اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ کریات شمونہ میں ہونے والے میزائل حملے میں میاں بیوی ہلاک ہوگئے جو اپنے کتوں کے ساتھ گھر کے لان میں چہل قدمی کر رہے تھے تاہم حزب اللہ کی جانب سے جاری بیان میں دعویٰ کیا گیا کہ زیادہ تر خالی کیے گئے سرحدی شہر میں ‘‘اسرائیلی دشمن افواج کے اجتماع’’ کو نشانہ بنایا تھا۔اسرائیل کی فائر اینڈ ریسکیو سروس کا کہنا ہے کہ میزائل حملوں میں شہر کی کئی عمارتوں میں آگ لگنا شروع ہو گئی، پانچ ٹیمیں آگ بجھانے کے لیے کام کر رہی ہیں۔حزب اللہ کے ان حملوں میں 10 سے زائد اسرائیلی زخمی بھی ہوئے جن کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔دریں اثناء اسرائیلی شہر حیدرہ میں چاقو بردار شخص کے حملے میں کم از کم 6 افراد شدید زخمی ہوگئے جن میں سے 5 کی حالت نازک ہونے کے سبب ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔اسرائیلی میڈیا کے مطابق موٹر سائیکل سوار نوجوان نے راہگیروں پر پہ در پہ چاقو کے وار کیے۔ زخمیوں کو گہرے زخم آئے ہیں جنہیں اسپتال منتقل کیا گیا۔ زخمیوں میں سے 2 کی حالت نازک ہونے سبب انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں رکھا گیا ہے جب کہ 3 کی حالت بھی تشویشناک ہے ایک کو درمیانے درجے کا زخم ہے۔اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ زخمیوں کو بچانے کی ہر ممکن کوشش کی جارہی ہے۔ ماہرین پر مشتمل طبی ٹیم علاج معالجے میں مصروف ہے۔اسرائیلی پولیس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ حیدرہ میں چھرا گھونپنا دہشت گردانہ حملہ تھا، مشتبہ حملہ آور کو تعاقب کے بعد مار دیا گیا۔ حملہ آور کی شناخت عرب شہری 36 سالہ احمد جبرین کے نام سے ہوئی بتایا ہے جو قریبی شہر ام الفہم کا رہائشی ہے، جس کا مجرمانہ ریکارڈ تلاش کیا جا رہا ہے تاحال حملے کے محرک کے بارے میں پتا نہیں چل سکا البتہ اسرائیل کے غزہ پر حملوں کے بعد صیہونی سرزمین اور دنیا بھر میں اس کے سفارت خانوں پر حملوں میں اضافہ ہوا ہے۔علاوہ ازیں اسرائیلی وزیر دفاع یوو گیلنٹ نے ایران پر ممکنہ اسرائیلی حملے سے متعلق طے شدہ دورہ امریکا منسوخ کر دیا۔اسرائیلی وزیر دفاع کو واشنگٹن میں امریکی وزیر دفاع سے ملاقات کرنی تھی۔ وزیراعظم نیتن یاہو پہلے امریکی صدر جو بائیڈن سے بات کرنا چاہتے تھے امریکی صدر جو بائیڈن سے بات ہونے تک وزیراعظم نیتن یاہو نے وزیر دفاع کو امریکا جانے سے روک دیا۔ پینٹاگون کی ترجمان سبرینا سنگھ نے ایک نیوز بریفنگ میں بتایا کہ ہمیں ابھی اطلاع ملی ہیں کہ وزیردفاع گیلنٹ نے اپنا دورہ امریکا منسوخ کردیا۔اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ یہ جنگ صرف اسرائیل کی نہیں بلکہ پوری دنیا کے بقاکی جنگ ہے،اگر ہم نے اس جنگ میں حصہ نہ لیا تو ہمیں اپنی بقا کے لییبھاری قیمت چکانی پڑے گی، یہاں تک کہ موت بھی ہمارا مقدر بن سکتی ہے۔دوسری جانب درجنوں اسرائیلی فوجیوں نے غزہ میں جنگ بندی تک ڈیوٹی انجام دینے سے انکار کردیا۔الجزیرہ کے مطابق 130 اسرائیلی فوجیوں نے آرمی چیف کو خط بھیجا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ جب تک حکومت غزہ میں جنگ بندی اور یرغمالیوں کی رہائی کو یقینی نہیں بناتی وہ اپنی ڈیوٹی انجام نہیں دیں گے۔اسرائیلی اخبار ہاریٹز کے مطابق خط پر مختلف یونٹوں کے 130 فوجی اہلکاروں کے دستخط ہیں۔خط میں کہا گیا کہ غزہ میں جنگ جاری رہنے سے نہ صرف یرغمالیوں کی واپسی میں تاخیر ہورہی ہے بلکہ ان کی زندگیوں کو بھی خطرات ہیں، بہت سے یرغمالیوں کی موت اسرائیلی فوج کے حملوں سے ہوئی۔مزید برآں لبنان کے بعد اسرائیل کے دمشق پر حملے بھی جاری ہیں جہاں ایک رہائشی عمارت پرفضائی حملے میں خواتین اور بچوں سمیت 9 شہری جان کی بازی ہارگئے۔عرب میڈیا کے مطابق شام کی وزارت دفاع کے مطابق دمشق کے گنجان آباد محلے المزہ میں رہائشی اور تجارتی عمارتوں میں سے ایک کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت 9 افراد جاں بحق اور 11 دیگر زخمی ہوگئے۔ایرانی ٹیلی ویژن نے دمشق میں ہدف بنانے والے مقام پر قدس فورس کے ڈپٹی کمانڈر رضا فلاح زادہ اور جہاد تحریک کے سیکرٹری زیاد النخالہ کی موجودگی کی تردید کی۔دمشق میں ایرانی سفارت خانے نے اس بات کی تردید کی ہے کہ المزہ کالونی پر حملے میں ایرانی مارے گئے تھے، شام کی وزارت دفاع نے کہا کہ اسرائیلی دشمن نے مقبوضہ شام کے گولان کی سمت سے تین میزائلوں سے فضائی حملہ کیا، جس میں المزہ کے پڑوس میں ایک رہائشی عمارت کو نشانہ بنایا گیاتھا۔جائے وقوعہ پر موجود ایک رپورٹر نے بتایا کہ حملے نے ایک پرہجوم رہائشی علاقے میں واقع عمارت کی پہلی تین منزلیں تباہ کر دیں ، اس جگہ کھڑی 20 سے زائد کاریں تباہ ہو گئیں۔دوسری جانب اسرائیلی فوج کے غزہ اور لبنان پر حملے تھم نہ سکے ، غزہ میں پناہ گزین کیمپ میں پناہ لیے ہوئے 17 بے گھر فلسطینیوں کو بمباری کر کے شہید کردیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے