پشاور: گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ صوبے کے لیے اسپیکر نے جرگہ بلایا اور تمام سیاسی جماعتیں جرگے میں گئیں تو مسئلہ حل ہوا۔
پشاور میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ وفاق سے اپنے صوبے کے وسائل کے لیے بات کروں گا، سیاست میں سب سے مقدس پارلیمنٹ ہے، جرگے میں تمام پارٹیوں کے نمائندے شریک ہوئے، ہم امن کی بات کرتے ہیں اور صوبے میں امن کا جھنڈا لہرایا جائے گا، صوبے کے لیے سیاسی جماعتوں نے اتحاد کا مظاہرہ کیا اور سردیوں سے پہلے برف پگھلنی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ مشاورت کے ساتھ تجاویز اور صوبے کے حقوق کے لیے دلائل مرکز کو دیں گے، سیاسی اختلافات اپنی جگہ لیکن صوبے کو ترقی کی راہ پر لے جانا ہے، دہشت گردی کا خاتمہ کرنا ہے تو ہمیں وسائل تو دیں، 80 رکنی کمیٹی بنی جس نے سفارشات دی ہیں، 15 نکات ہیں تو ہم زیر بحث لاکر حل کریں گے اور پاکستان کے آئین کے دائرے میں رہ کر بات کریں گے۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ سیاسی اختلافات چھوڑ کر ون پوائنٹ ایجنڈا چاہتے ہیں، امن کا قیام ہی ہم سب کا ایجنڈا ہے، تمام اختلافات چھوڑ کر اسمبلی گیا ،فوج کا کردار آئین کے دائرے میں رہ کر ہونا چاہیے اور سیاستدانوں کو بھی آئین میں رہتے ہوئے کردار ادا کرنا ہوگا، اسمبلی سے ہمیں بڑی توقعات ہیں۔

