لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ لاہور کے نجی کالج میں طالبہ سے زیادتی کا جھوٹا کیس بنایا گیا، جعلی خبر پھیلانے میں ملوث عناصر کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کیا جائے۔
لاہور کے نجی کالج میں مبینہ طالبہ سے مبینہ زیادتی کے حوالے سے پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز ںے کہا کہ مسئلے کے تمام حقائق جان کر آپ کے سامنے آئی ہوں ،واقعہ وائرل ہونے پر ہم نے تحقیقات کیں، حتمی تحقیقات کے بعد اعلان کرتی ہوں کہ بچی سے زیادتی نہیں ہوئی، بچی کے والد اور چچا نے بیان دیا کہ ان کی بچی کے ساتھ کچھ نہیں ہوا۔
انہوں نے کہا کہ جھوٹ کی داستان گھڑی گئی، من گھڑت خبر کو ایشو بنایا گیا، سوشل میڈیا پر ایسے الزامات لگائے گئے جن کا کوئی وجود ہی نہیں تھا، بچی کی والدہ سے بات ہوئی ہے، والدہ نے کہا کہ اس کی چار بییٹیاں باقی ہیں جن کی شادی ہونی ہیں میں غریب ہوں مجھے کچھ نہیں چاہیے جنہوں ںے یہ کہانی گھڑی ہے انہیں ایکسپوز کریں اور سزا دلوائیں۔
