اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) حکومت نے آئینی ترمیم قومی اسمبلی کے بجائے سینیٹ میں لائے جانے پر غور شروع کردیا۔ تفصیلات کے مطابق آئینی ترمیم کی پارلیمنٹ سے منظوری کے معاملے پر حکومت نے حکمت عملی تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اب 26ویں آئینی ترمیم قومی اسمبلی کے بجائے سینیٹ میں لائے جانے پر غور کیا جارہا ہے، سینیٹ سے منظوری کے بعد آئینی ترمیم قومی اسمبلی میں پیش کیے جانے کی حکمت عملی تیار کی گئی ہے۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے قومی اسمبلی اور سینیٹ کے علیحدہ علیحدہ اجلاس آج طلب کر لیے ہیں جس میں ممکنہ طور پر آئینی ترمیم کو منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا۔ سینیٹ کا اجلاس آج سہ پہر 3 بجے اور قومی اسمبلی کا اجلاس شام 4 بجے ہوگا۔ صدر مملکت نے قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اجلاس آئین کے آرٹیکل 54 (ایک) کے تحت طلب کیے ہیں۔
