جیکب آباد (نمائندہ جسارت) جمعیت طلبا اسلام (جی ٹی آئی) کی جانب سے زبردست “سندھ بچاؤ، تعلیم بچاؤ” ریلی مارچ پریس کلب سے دھرنا، ہمارے ملک میں دنیا میں دوسرے نمبر پر نوجوانوں کی آبادی اور ٹیلنٹ موجود ہے۔ اگر طلبہ کو صحیح تعلیم اور ہنر فراہم کیا جائے تو ہم ملک کو سپر پاور بنا سکتے ہیں،مرکزی کنوینر ملک محمد اویس۔ تفصیلات کے مطابق جمیعت طلبا اسلام کی جانب سے تعلیم بچاؤ، سندھ بچاؤ ریلی مرکزی کنوینر ملک محمد اویس، جے یو آئی سندھ کے پریس سیکریٹری ڈاکٹر اے جی انصاری، صوبائی کنوینر اسامہ محمود ھالیجوی، مرکزی رہنما محکمہ الدین بروہی، مولانا عبدالجبار رند، حاجی محمد عباس بنگلانی، محمد حنیف برڑو، اور تاج محمود امروٹی کی قیادت میں دفتر جے یوآئی سے نکالی گئی، جس میں بڑی تعداد میں طلبہ اور کارکنوں نے شہر کے مختلف راستوں پر مارچ کیا اور تعلیم کے حق میں نعرے لگائے۔ بعد ازاں شہر کے اہم ڈی سی چوک اور پریس کلب کے سامنے دھرنا دے کر روڈ بلاک کردیا، جس سے ٹریفک معطل ہو گیا۔اس موقع پر جے ٹی آئی کے مرکزی کنوینر ملک محمد اویس نے تقریر میں کہا کہ ہمارے ملک میں دنیا میں دوسرے نمبر پر نوجوانوں کی آبادی اور ٹیلنٹ موجود ہے۔ اگر انہیں بہتر تعلیم اور ہنر فراہم کیا جائے تو ہم ملک کو سپر پاور بنا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کے ذریعے ہی اصلاح ممکن ہے۔ جدید تعلیم کے ساتھ دینی تعلیم بھی لازمی ہے، مگر افسوس کہ ہمارے حکمرانوں کی ترجیحات میں تعلیم شامل نہیں ہے۔جے یو آئی سندھ کے پریس سیکرٹری ڈاکٹر اے جی انصاری نے کہا کہ تعلیم کی بنیاد مادری زبان میں ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں مفت اور معیاری تعلیم، جدید سائنسی اور روحانی نصاب کا انتظام کرنے کی ضرورت ہے۔ جی ٹی آئی سندھ کے کنوینر اسامہ محمود ھالیجوی نے کہا کہ تعلیمی اداروں اور بورڈز میں بڑھتی ہوئی فیسوں کی ناجائز اضافے کی وجہ سے ذہین اور غریب نوجوان تعلیم کے زیور سے محروم ہو رہے ہیں۔ جے یو آئی اور جی ٹی آئی کے دیگر رہنماؤں نے کہا کہ طلبہ کو بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں، جعلی ڈومیسائل منسوخ اور غریب ذہین اور محنت کش طلبہ کو مفت تعلیم اور اسکالرشپ دی جائیں۔
