لاہور: تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سابق صدر حامد خان ایڈوکیٹ کا کہنا ہے کہ 26 ویں آئینی ترمیم کے خلاف 30 نومبر سے وکلا تحریک کا آغاز کررہے ہیں، یہ کوئی سیاسی تحریک نہیں ہوگی بلکہ وکلا کی تحریک ہوگی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سابق صدر نے کہاکہ 26 ویں آئینی ترمیم نے عدالتی نظام کا بیڑا غرق کردیا ہے، ججز آتے جاتے رہتے ہیں لیکن وکلا ہمیشہ حقوق کے لیے لڑتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہاکہ انتخابات میں ایجنسیوں کی مداخلت ہوئی اور دھاندلی کرائی گئی، سندھ سے خوشحال خان اور خیبرپختونخوا سے حبیب قریشی جیت گئے تھے لیکن ان دونوں کو دوبارہ گنتی کے دوران ہرایا گیا، جس کے تمام ثبوت سامنے لائیں گے، سپریم کورٹ بار کے انتخابات پر وائٹ پیپر جاری کریں گے۔
پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ کسی بھی سیاسی جماعت کو احتجاج سے روکنا ظلم ہے، حکومت نے تمام راستے بند کرکے واضح کردیا کہ وہ پی ٹی آئی کی جماعت سے خوف زدہ ہے، عوام کا خوف جلد ختم ہوجائے گا، جس کے بعد عوام سڑکوں پر نکلنے پر مجبور ہوگی۔

