English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

حکومت کو غریبوں سے روزگار چھیننے کا اختیار نہیں،جاوید قصوری

القمر

لاہور (وقائع نگارخصوصی) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے نا جائز تجاوزات ختم کرنے کے اقدام پر اپنا ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ انتظامیہ کی مجرمانہ غفلت کا نتیجہ ہے۔ انتظامیہ کے خلاف بھی بھر پور کارروائی ہونی چاہئے۔ حکومت اگر غریبوں کو روزگار فراہم نہیں کر سکتی تو ان سے روزگار چھینے کا بھی کوئی اختیار نہیں۔انہوں نے کہا ہے کہ ملک میں مہنگائی کا ایک طوفان ہے جو کسی صورت تھمنے کا نام نہیں لے رہا جس نے غریب طبقے کو شدید متاثر کرنے کے ساتھ سفید پوش متوسط طبقے کی بھی چیخیں نکلوا دی ہیں اشیائے خورونوش و ضروریہ بھی اب عام شہری کی دسترس سے نکلتی جارہی ہیں جبکہ حکومت زمینی صورتحال سے لاتعلق اور ڈنگ ٹپائو پالیسیوں پر انحصار کر رہی ہے۔ حکمرانوں کو ہوشربا مہنگائی سے غرض ہے نہ ہی شہریوں کو درپیش مسائل سے کوئی سروکار ہے نہیں۔مافیاز نے لوٹ مار کی انتہا کر دی ہے۔ پورا سسٹم ہی کرپٹ ہو چکا ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت کی نا اہلی کی بدولت صوبہ مسائل کی آماجگاہ بن چکا ہے۔ عوام بدحالی کا شکار اورکوئی پرسان حال نہیں ہے۔ امن و امان کی صورتحال انتہائی گھمبیر ہو چکی ہے۔ دن دیہاڑے چوریاں، ڈاکے اور دیگر جرائم کی وارداتیں ہو رہی ہیں پولیس سمیت قانون نافذ کرنے والے ادارے خاموش تماشائی بنے بیٹھے ہیں۔ بد قسمتی سے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی توجہ صرف نماشائی اقدامات تک محدود ہو کر رہ گئی ہے۔عوام کی کسی کو ئی فکر نہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومتی اقدامات عوام کو زندہ درگور کرنے کے مترادف ہیں۔25کروڑ عوام پہلے ہی مہنگائی کے ستائے ہوئے ہیں۔ صوبے کے گیارہ کروڑ عوام بے یارو مددگار ہیں، نت نئے ٹیکس لگانے سے جہاں پر ایک طرف کاشتکاروں کے مسائل میں اضافہ ہو چکا ہے وہاں ہر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والا شخص پریشان ہے۔ محمد جاوید قصوری نے کہا کہ حکومت ایسے نا اہلوں پر مشتمل ہے جن کی قابلیت محض لوٹ مار کے سوا کچھ نہیں۔ ان سے نہ ہی ادارے چلائے جا رہے ہیں اور نہ ہی حالات پر کنٹرول ہو رہا ہے۔ پنجاب حکومت کی تمام اسکیمیں محض ڈنگ ٹپاؤ اقدام ہیں ان سے کرپشن کے دروازے تو کھل سکتے ہیں مگر مہنگائی میں کمی واقع ہو گی اور نہ ہی عوام کو کو کسی قسم کا کوئی ریلیف میسر ہو گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے