راولپنڈی:آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیرنے کہا ہے کہ ملٹری کالج جہلم نظم و ضبط، قیادت اور حب الوطنی کی تربیت کا ایک معتبر ادارہ ہے جس نے مسلح افواج اور ملک کے لیے نامور سپوت پیدا کیے۔
45ویں پاکستان آرمی رائفل ایسوسی ایشن سینٹرل میٹ کی اختتامی تقریب جہلم میں منعقد ہوئی، جس میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔
مقابلے یکم اکتوبر سے 10 نومبر تک آرمی مارک مین شپ یونٹ جہلم میں جاری رہے، جن میں دو ہزار سے زائد شرکاءنے مختلف فورسز اور صوبوں کی نمائندگی کرتے ہوئے حصہ لیا۔
شرکاءنے نشانہ بازی میں اپنی بہترین مہارت، نظم و ضبط اور اعلیٰ پیشہ ورانہ معیار کا شاندار مظاہرہ کیا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے شرکاء کی نشانہ بازی کی مہارت کو سراہتے ہوئے کہا کہ نشانہ بازی میں مہارت، عسکری تربیت کا بنیادی مقصد رہنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے مقابلے افواجِ پاکستان کے پیشہ ورانہ معیار، نظم و ضبط اور ٹیم ورک کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔