English Al Qamar Urdu جون 25, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

واشنگٹن میں افغان شہری کا حملہ: شدید زخمی نیشنل گارڈ خاتون جان کی بازی ہار گئی

القمر

امریکی دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی میں گزشتہ روز پیش آنے والے واقعے میں شدید زخمی نیشنل گارڈ کی خاتون اہلکار ہلاک ہو گئی۔

بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق افغان شہری کی جانب سے کی جانے والی فائرنگ میں شدید زخمی ہونے والی نوجوان نیشنل گارڈز اہلکار سارا بیک اسٹروم زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسی۔ اہل کار کی عمر 20 سال تھی اور وہ جون 2023ء  میں سروس میں شامل ہوئی تھیں۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ہلاکت کی تصدیق تھینکس گیونگ کے موقع پر سروس ممبرز کے ساتھ گفتگو کے دوران کی، جہاں انہوں نے سارا کی خدمات، حوصلے اور کردار کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

صدر ٹرمپ نے اپنی گفتگو میں کہا کہ سارا بیک اسٹروم ایک باوقار، محنتی اور بے مثال صلاحیتوں کی حامل اہلکار تھیں، جن کی کارکردگی نے انہیں کم وقت میں نمایاں مقام دلوایا۔ انہیں حال ہی میں واشنگٹن ڈی سی تعینات کیا گیا تھا، جہاں صدر کی ہدایات پر مختلف ریاستوں سے بلائے گئے نیشنل گارڈز کی تعیناتی جاری تھی۔

واقعے کے روز سارا اپنے ساتھی 24 سالہ ایئر فورس اسٹاف سارجنٹ اینڈریو وولف کے ہمراہ ڈیوٹی سے واپس آرہی تھیں کہ اچانک ان پر حملہ کیا گیا۔ یہ حملہ اس قدر اچانک تھا کہ دونوں اہلکار سنبھلنے یا دفاع کا کوئی موقع نہیں پا سکے۔

امریکی صدر نے بتایا کہ حملہ آور افغان شہری بھی فائرنگ کے تبادلے میں شدید زخمی ہوا ہے۔ ٹرمپ نے اس موقع پر سخت لہجے میں کہا کہ نیشنل گارڈز ملک کی حفاظت کے لیے اپنی جانیں خطرے میں ڈال کر ذمہ داریاں نبھاتے ہیں اور ان پر کسی بھی قسم کے حملے کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے وینزویلا کا ذکر کرتے ہوئے عندیہ دیا کہ امریکا خطے میں اپنے مفادات کے تحفظ کے لیے جلد مؤثر کارروائی کرے گا۔

گفتگو کے دوران صدر ٹرمپ نے امریکی فضائیہ کی طاقت کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ بی 2 بمبار طیاروں نے حال ہی میں 37 گھنٹے طویل مشن کے بعد اپنا ہدف کامیابی سے حاصل کیا۔ ان طیاروں کے پائلٹس ٹام کروز جیسے بے خوف اور ماہر ہیں۔

صدر ٹرمپ نے مزید انکشاف کیا کہ انہوں نے کچھ دیر قبل بی 2 بمبار طیاروں کے ایک بڑے نئے آرڈر کی منظوری بھی دے دی ہے تاکہ فضائیہ کی صلاحیتوں میں مزید اضافہ کیا جا سکے۔

واقعے کے بعد واشنگٹن ڈی سی کے سیکورٹی ادارے ہائی الرٹ ہیں جب کہ اینڈریو وولف کو تاحال شدید زخمی حالت میں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔ تحقیقات کرنے والے اداروں نے جائے وقوع سے اہم شواہد اکھٹے کر لیے ہیں۔ حملے کی نوعیت نے ایک بار پھر امریکی سیکورٹی اداروں پر سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے